لاہور : ولی اللہ فائونڈیشن کے چیئرمین پیرسیدولی اللہ شاہ بخاری نے کہا ہے کہ رْوحانی صحت کیلئے ظاہری وباطنی پاکیزگی بنیادی حیثیت رکھتی ہے’ یاد رہے کہ غسل کرلینا، باوضو ہو جانا، پاک صاف ستھرے نئے یا دْھلے ہوئے کم قیمت یا بیش قیمت کپڑے پہن کر خوشبو لگا لینے کا نام ہی ستھرائی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں اَصل ستھرائی تب حاصل ہوتی ہے، جب کپڑے ،کھانا پینا یہ تمام چیزیں حلال مال سے ہوں۔
حرام مال سے پلنے والا جسم، زیب وزینت اور خوش پوشی، غسل ووضو دیکھنے والوں کی نگاہوں کے لئے تو باعث کشش ہو سکتا ہے مگر رَبِّ ذوالجلال والاکرام کی نگاہِ پاک اور قانون پاک میں اَیسی زیبائش اور چمک دمک کی قطعاً کوئی حیثیت نہیں۔پیرسیدولی اللہ شاہ بخاری نے مزیدکہا کہ ہمیں یہ بات اچھی طرح ذہن نشین کرنا ہوگی کہ جب تک رزقِ حلال نہ کمایا جائے گا اور کھانا پینا اور پہننا حلال مال سے نہ ہوگا تو کسی عبادت اور تسبیح کا روحانی فائدہ ہرگز حاصل نہ ہوگا۔ نیز اِس حقیقت سے چشم پوشی کرنے والا جو حرام کمائی سے گزر بسر کرے پھرفخرکرے اور حرام مال ہی سے ربِّ کائنات کی راہ میں خرچ کرے’ قطعاً منزلِ مراد کو نہیںپہنچ سکتا کیونکہ اللہ ناپاک مال ہرگز قبول نہیں فرماتا۔