تحریر: بیگم صفیہ اسحاق ترک صدر طیب اردوان پاکستان آئے تو انہوں نے اسلام آباد کے بعد پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا دورہ کیا تھا جس میں پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون کے معاہدے پر دستخطوں کی تقریب شاہی قلعہ لاہور میں ہوئی ترکی کے صدر رجب طیب اردگان وزیراعظم محمد نواز شریف وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف ترک فود کے ارکان اور پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ معاہدے پر پاکستان میں ترکی کے سفیر مصطفی بابر گرگن اور پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری صحت نجم شاہ نے دستخط کئے معاہدے کی رو سے ترکی وزارت صحت پنجاب کے شعبہ صحت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گی ترکی وزارت صحت پنجاب پبلک ہیلتھ ایجنسی کے قیام کیلئے تکنیکی اور دیگر ضروری معاونت دے گی۔
ترکی کی وزارت صحت ڈرگ ٹیسٹنگ لیب ملتان کی تنظیم نو میں بھی تعاون کرے گی ادویات کی سپلائی کے نظام کو از سر نو تشکیل دینے میں ترکی کی وزارت صحت پنجاب حکومت کی شراکت دار ہوگی ایمرجنسی میڈیکل سروسز کیلئے کمانڈ کنٹرول اور مانیٹرنگ سنٹر کی ڈیزائننگ اور پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی ترک وزارت صحت تعاون کرے گی معاہدے کی رو سے نرسوں کو ترکی سے تربیت دلوائی جائے گی ترک وزارت صحت پنجاب میں پبلک ہاسپٹل ایجنسی کے قیام میں بھی مدد کرے گی معاہدے کی رو سے پنجاب کڈنی اینڈ لیور ٹرانسپلانٹ انسٹی ٹیوشن اور ترکی کی یونیورسٹی مالٹایہ کے مابین اشتراک کار بھی ہوگا وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہم ہماری اؤلین ترجیح ہے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری میں ترکی کے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں پنجاب حکومت اور ترکی کی وزارت صحت کے ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے تعاون کا معاہدہ خوش آئند ہے ہم ترکی کی مہارت اور تجربے سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ہیلتھ کیئر سنٹر کو بہتر بنائیں۔ رجب طیب اردگان کی آمد پر لاہور ائر پورٹ سے شاہی قلعہ تک شہر کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا۔
Turkey and Pakistan Fag
ترکی صدر کی بڑی بڑی تصاویر ترکی اور پاکستان کے پرچم بھی لگائے گئے تھے۔ اردگان اسلام آباد سے لاہور پہنچے تو ائر پورٹ پر وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ارکان اور اعلی حکام کے ساتھ ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر بچوں نے انہیں پھول پیش کئے۔ ترک صدر روانہ ہوئے تو سکیورٹی کے زبردست اقدامات دیکھنے میں آئے۔ وزیراعلی شہباز شریف نے استقبال کے موقع پر کہا کہ مجھے اپنے عزیز ترین بھائی کی پاکستان کے دل لاہور میں آمد پر دلی مسرت ہوئی ہے۔ آپ کی پاکستان کے تاریخی شہر لاہور آمد ہمارے لئے باعث اعزاز ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کی موجودہ ترقی اور خوشحالی آپ کی ولولہ انگیز قیادت میں ترک حکومت کی انتھک محنت، جذبہ ایثار اور مثالی فراست کی آئینہ دار ہے۔ آپ کی تاریخ ساز رہنمائی میں ترکی کاسابلانکا سے لے کر کوالالمپور تک ممالک کے لئے رول ماڈل بن چکا ہے۔ حضوری باغ اور شاہی قلعہ میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ترکی کے صدر نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے ساتھ محبت اورخلوص کا اظہار کرتے ہوئے مختلف تقریبات میں ان کے ساتھ گرمجوشی کے ساتھ ہاتھ ملایا اور وزیراعلیٰ شہباز شریف ک جانب سے پرتپاک استقبال کرنے پر خصوصی طور پر ان کا شکریہ ادا کیا اور انہیں اپنا بھائی کہہ کر مخاطب کرتے رہے۔
وزیراعلیٰ نے طیب اردگان سے کہا آپ پاکستان کے عوام کے دلوں میں بستے ہیں اور آپ کا پرتپاک استقبال اس کا مظہر ہے ۔ آپ کی شخصیت پاکستان کے رول ماڈل ہے بعد ازاں وزیراعلیٰ معزز مہمانوں کے ہمراہ حضوری باغ روانہ ہو گئے جہاں وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف نے ترک صدر اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا اہلیان لاہور نے طیب اردگان کے قافلے پر پھول نچھاور کئے۔ عشائیہ کی تقریب اس لحاظ سے منفرد تقریب تھی کہ اس میں پنجاب سندھ بلوچستان اور گلگت بلتستان کے وزرائے اعلیٰ نے بھی شرکت کی جبکہ آزاد کشمیر کے وزیراعظم بھی عشائیہ میں شریک ہوئے اور یہ تقریب قومی یکجہتی کا مظہر تھی رنگا رنگ تقریب میں ترک صدر نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔لاہور کے شاہی قلعہ میں ترک صدر رجب طیب اردگان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا۔ ترک مہمان کی تواضع پنجابی کھانوں سے کی گئی۔ دو قسم کے سوپ، انار اور موسمی جوس کے علاوہ دیگر کھانے شامل تھے۔ عشائیہ میں لوک فنکاروں نے مولانا رومی اور علامہ اقبال کی نظمیں سنائیں۔ کھانوں میں لاہوری فرائیڈ فش، مٹن سیخ کباب، ڈولما، مٹن چانپ، مغلائی قورمہ، مٹن ہریسہ شامل تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ترکی کی وزارت صحت کے اعلی سطح کے وفد نے ملاقات کی۔
Health Care System
جس میں ترک صدر رجب طیب اردوان کے حالیہ دورہ پاکستان کے دوران پنجاب حکومت اور ترک وزارت صحت کے مابین ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے پر تیزرفتاری سے عملدر آمد پر اتفاق ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ترک وزارت صحت کے وفد سے کہا کہ ترکی کی وزارت صحت کیساتھ طے پانے والے معاہدے کی روشنی میں ہیلتھ کیئرسسٹم کو تیزی سے بہتر بنانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے اورہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوالے سے معاہدے پر عملدر آمد میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ معاہدے پر عملدر آمد کیلئے کورگروپ تشکیل دے دئیے گئے ہیںاورانہیں ذمہ داریاں بھی تفویض کردی گئی ہیں۔جدید ٹیکنالوجی اور ترک مہارت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے صوبے کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنائیں گے۔معاہدے کے تحت ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم اورپبلک ہیلتھ ایجنسی کا قیام عمل میںلایاجائے گا۔ترکی میں اپنائے گئے ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ماڈل سے استفادہ کریں گے۔ ترکی کا ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم شاندار ہے اوراسے پنجاب کے ہسپتالوں میں بھی اپنائیں گے۔پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ترک بھائیوں کے تعاون پران کے شکرگزار ہیں ۔ دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کم سے کم وقت میں جو کچھ کرسکتے ہیں کریں گے۔ہیلتھ انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کی بہتری کے حوالے سے طے پانے والے معاہدے پر تیزرفتاری سے آگے بڑھیں گے۔
وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ترک وزارت صحت کے اعلی سطح کے وفد کی ملاقات کے دوران وفد کے سربراہ ڈاکٹرسلامی کلک نے شہبازشریف کی عوامی خدمت کے ویژن اورشعبہ صحت کی بہتری کیلئے اقدامات کو زبر دست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔انہوںنے کہا کہ پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف پاکستان اورعوام کیلئے ایک عظیم رہنماء کا کردارادا کررہے ہیں اور ترکی کی قیادت اورعوام انہیںانتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔ شہبازشریف نے ترکی کی ہر موقع پر زبردست حمایت کی ہے اوران کی ترکی سے محبت اورسپورٹ پر ترکی کا ہر فرد ان کا شکریہ ادا کرتا ہے ۔ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف ،وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اورحکومت پاکستان کی اخلاقی حمایت پر ترکی کا ہر باشندہ شکرگزار ہے۔ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کے حوا لے سے پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف کا ویژن اور کاوشیں لائق تحسین ہیں ۔ ترک وزارت صحت کے سینئر ماہرڈاکٹرحسن کاگل نے کہا کہ پنجاب کے ہیلتھ کیئرسسٹم کی بہتری کیلئے کیے جانے والے معاہد ے پروزیراعلیٰ شہبازشریف کے ویژن کے مطابق تیزی سے عملدر آمد کیا جائے گا۔ترک وزارت صحت کے وفدنے وزیراعلیٰ کی خیریت دریافت کی اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔