ہیلتھ سیکٹرز ریفارمز میں ڈاکٹروں کی اگلے گریڈوں میں ترقی، مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا بھی شامل ہے:اعجاز منیر

Doctors

Doctors

لاہور: سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر اعجاز منیر نے کہا ہے کہ ہیلتھ سیکٹرز ریفارمز میں ڈاکٹروں کی اگلے گریڈوں میں ترقی اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا بھی شامل ہے تاکہ ڈاکٹرز کمیونٹی زیادہ یکسوئی اور اطمینان کے ساتھ اپنے پیشہ وارانہ فرائض سر انجام دے سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز کی اگلے گریڈوں میں ترقی کا عمل مزید تیز کیا جائے گاـمیڈیا ورلڈ لائن کے مطابق انہوں نے یہ بات آج اپنے دفتر میں جنرل کیڈر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے ڈاکٹر مسعود شیخ کی سربراہی میں ان سے ملاقات کی ـ وفد میں ڈاکٹر اسد عباس شاہ ، ڈاکٹر اعجاز ، ڈاکٹر اشرف ، ڈاکٹر نعیم ، ڈاکٹر شاہد ، ڈاکٹر شیر افگن کے علاوہ دیگر عہدیدار بھی شامل تھے۔

سیکرٹری صحت نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ صحت میں ڈاکٹروں کی اگلے گریڈوں میں ترقی اور ان کی سنیارٹی لسٹ کو اپ ڈیٹ کرنے کا کام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ 6 ماہ کے اندر ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد کو اگلے گریڈوں میں ترقی دے دی جائے گی ـ میڈیا ورلڈ لائن کے مطابق،اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ عد نان ظفر نے بتایا کہ گریڈ18 سے 19 میں ترقی کے لئے کیس بھجوا دیا گیا ہے اور جلد ہی PSB-II کے انعقاد کی تاریخ کا اعلان کر دیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ گریڈ19 سے 20 میں ترقی کے لئے کیس تیار کیا جا رہا ہے جو جون کے آختر تک مکمل کر کے بھجوا دیا جائے گا ـ سیکرٹری صحت نے ہدایت کی کہ جن ڈاکٹرز کو ایک ہی گریڈ میں کافی عرصہ ہو چکا ہے ان کی پروموشن پرخصوصی توجہ دی جائے ـسیکرٹری صحت نے کہا کہ جنرل کیڈر ڈاکٹرزکے سروس سٹرکچر کا 4 درجاتی (4-Tier) فارمولا تیار کر کے محکمہ خزانہ کو بھجوا دیا گیا ہےـ انہوں نے کہا کہ پرموشن کے کیسز جلد نمٹانے کے لئے ڈاکٹرز کے نمائندوں کو محکمہ صحت کی ٹیم میں شامل کر لیا جائے تاکہ کام کی رفتار مزید تیز ہو سکے ـ سیکرٹری صحت نے یقین دلایا کہ ڈاکٹرز کی گریڈ18 ، 19 اور 20 میں ترقی کا عمل رواں سال مکمل کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی ـ سنیارٹی لسٹ کو درست کیا جائے گا اور ڈاکٹرز کے مسائل حل کرنے کے لئے وہ ہر ماہ جنرل کیڈر ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے تاکہ تمام معاملات کو برق رفتاری سے نمٹایا جا سکے۔