صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دے کر نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھا جاسکتا ہے، اقبال محمد علی خان

کراچی: حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے کہا ہے کہ علاقائی سطح پر صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دیکر ہم اپنے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچا سکتے ہیں حق پرست قیادت تعلیم کے فروغ کے ساتھ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کے لئے ہمیشہ کوشاں رہی ہے۔

ہمیں جب بھی موقع ملا ہم نے درسگاہوں کی تعمیر وترقی ،تعلیمی معیار کی بہتری کے ساتھ نوجوانوں اور اپنی عوام کو صحت مند سرگرمیوں کی فراہمی کے لئے کھیل کے میدانوں کی تعمیر و ترقی کو ترجیحی بنیادوں پر انجام دیا ہے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے اپنے ترقیاتی فنڈز کے ذریعے شاہ فیصل کالونی کے علاقے رفاہ عام میں تعمیر ہونے والے وسیع و عریض رفاہ عام جیم خانہ گرائونڈ پر شاہ فیصل زون بلدیہ کورنگی کے تحت تعمیر کئے پویلین کا افتتاح کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان ،کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدرپروفیسر اعجاز فاروقی ،ڈسٹرکٹ سیکریٹری شفیق کاظمی ،ڈائریکٹر پارکس جاوید قریشی ،شاہ فیصل زون کے فوکل پرسن طلعت محمود ،ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز شاہ فیصل زون اسلم پرویز اور دیگر موجود تھے۔

حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ رفاہ عام جیم خانہ گرائونڈ قائد تحریک محترم الطاف حسین بھائی کی خصوصی ہدایت پر یہاں کے نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے حصول کے لئے بنا یا گیا انہوں نے کہاکہ بہت جلد ڈرگ روڈ میں قائم اعظم فٹ بال گرائونڈ کو بھی مثالی بنا یا جائے گا۔

اس موقع پر کراچی کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر اعجاز فاروقی نے حق پرست رکن قومی اسمبلی اقبال محمد علی خان کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ وسیع و عریض گرائونڈ سے علاقے کے نوجوان استفادہ حاصل کرسکیں گے انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد کرنا ایک مثبت تبدیلی ہے انشا اللہ انہیں میدانوں سے پاکستان کے ہیروز پیدا ہونگے اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر بلدیہ کورنگی عبدالراشد خان نے کہاکہ بلدیہ کورنگی عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اُن کی دہلیز تک پہنچا نے کے ساتھ ساتھ علاقائی سطح پر کھیل کے میدانوں اور فیملی پارکوں کی تعمیر و ترقی اور تزئن و آرائش کو یقینی بنا رہی ہے انہوں نے کہاکہ رفاہ عام جیم خانہ گرائونڈ میں مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنا کر ضلع کورنگی کا مثالی اسپورٹس گرائونڈ بنا یا جائیگا۔

Pavilion Opens

Pavilion Opens