لاہور: اسلامی جمعیت پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد زبیر حفیظ نے کہا ہے کہ صحت مند معاشرے ہی ترقی یافتہ قوموں کی ضمانت ہوتے ہیں ۔ زمین قدرت کا ایک انمول تحفہ ہے، اسے خوبصورت بنانا اور آلودگی سے پاک رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ آلودگی، گندگی اور زہریلے مواد کا استعمال زمین کے قدرتی حسن کو برباد کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ”ہفتہ صحت و صفائی” کے بارے میں ذمہ داران کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا انہوں نے مزید کہا کہ گندگی اور آلودگی بیماریوں کا باعث ہیں ان مسائل کے حل کے لئے انفرادی اور اجتماعی سطح پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان نے ملک بھر میں ہفتہ صحت و صفائی منانے کافیصلہ کیا جس کا مقصد تعلیمی اداروں ، بازاروں ، گلی محلوں اور گھروں کو صاف کرنا ہے ۔ صفائی مسلمانوں کا ایک مذہبی فریضہ ہے، عبادات کی قبولیت کے لیے بھی صفائی ضروری ہے۔واضح رہے کہ کراچی، لاہور ، اسلام آباد ، مظفر آباد ، کوئٹہ اور پشاور سمیت ملک بھر کے تمام شہروں میں بڑے پیمانے پر صحت و صفائی مہم شروع کردی گئی ہے، آگاہی مہم کے ذریعے کارکنان جمعیت خود تعلیمی اداروں کی صفائی میں حصہ لے رہے ہیں اور آگاہی کے لئے بڑے پیمانے پر لٹریچر بھی تقسیم کر رہے ہیں۔