صحت مند ماں ہی صحت مند نسل کو تشکیل دیتی ہے : ڈاکٹر رضوان احمد

Gujarat

Gujarat

گجرات : صحت مند ماں ہی صحت مند نسل کو تشکیل دیتی ہے، ان خیالات کا اظہار ملک کے ممتاز ہیماٹالوجسٹ ڈاکٹر رضوان احمد نے گزشتہ روز دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس میں ماں کی صحت کے حوالہ سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا ماں کی صحت کا خیال رکھنا وقت کی اہم ضرورت ہے اگر ماں صحت مند ہو گی تو قوم صحت مند پیدا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ ماں کی صحت کے حوالہ سے ان میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے، کیونکہ اکثر مائیں اپنی خوراک اور صحت کی طرف توجہ نہیں دیتیں،جس کی وجہ سے مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتی ہیں ، انہوںنے کہا کہ مائوں کی صحت کے حوالہ سے خصوصی طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ، کیونکہ اگرمائیں صحت مند ہونگی تو اپنے بچوں کی تربیت بہتر انداز میں کر سکیں گی ، بچیوں اور مائوں کی صحت کے حوالہ سے سب کو کام کرنا ہو گا ، موٹاپا بیماریوں کی سب سے بڑی وجہ ہے۔

بظاہر موٹاپے کی وجہ سے لوگ صحت مند نظر آتے ہیں ، مگر حقیقت میں وہ بیمار ہوتے ہیں ، خواتین کو اپنی صحت اور ڈائٹ کی طرف خصوصی توجہ دینی چاہیے ، دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس کی طرف سے اس سیمینار کا انعقاد خوش آئند ہے سابق ایم پی اے قمر عامر چوہدری نے کہا کہ آج مجھے اس تقریب میں شریک ہو کر دلی خوشی ہوئی ہے اور بہت سی ایسی باتوں کا پتہ چلا ہے جن سے میں آگاہ نہیں تھی ، مائوں کی صحت کے حوالہ سے شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے اور دی ایجوکیٹرز اس حوالہ سے مبارک باد کا مستحق ہے کہ اس نے اس تقریب کا انعقاد کیا ، اس تقریب میں طلباء و طالبات کے والدین نے شرکت کی اور ڈاکٹر رضوان سے فری مشورے بھی لیے۔