کراچی (جیوڈیسک) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس مشیر عالم کا کہناہے کہ عدالتی فیصلے جتنے ہی ناخوشگوار ہوں ان پر عملدرآمد ہونا چاہئے، سزائے موت پر عملدرآمد نہ کئے جانے سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہوتا ہے، من پسند افراد کو جج بنانے کیلئے مجھے بھی فہرستیں ملیں، لیکن ہمیشہ میرٹ کو ترجیح دی، اگر جج بہادر نہیں ہوں گے تو فیصلے مفادات کی بھینٹ چڑھ جائیں گے۔
کراچی میں وومنز اسلامک لائر فورم سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ خلفائے راشدین نے اپنے خلاف کئے جانے والے فیصلوں پر اختلاف نہیں کیا تو عام انسان کون ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کے کفر کے فتوے دینے میں اپنی توانائی صرف کرنے کی بجائے کردار کی اصلاح میں صرف کرنی چاہئے۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے کہاکہ سب سے بڑا انصاف اپنا احتساب کرنا ہے، ہمیں آئین اور قانون پر عملدرآمد کرنا چاہئے۔