دل کے مریضوں کو ہارٹ فیل سے بچانے والا ننھا پیراشوٹ تیار

Heart

Heart

لندن (جیوڈیسک) دل کے مریضوں کی زیادہ تر اموات ہارٹ فیل ہونے سے ہوتی ہیں لیکن اب پیراشوٹ جیسے ایک چھوٹے سے آلے سے دل کو ناکارہ ہونے سے بچایا جاسکتا ہے جس سے کئی مریضوں کو قبل از وقت موت سے بچایا جاسکتا ہے۔

لندن کے اسپتال کی یہ پیراشوٹ نما ایجاد وہاں مؤثر ثابت ہوتی ہے جہاں دل کو بچانے کے تمام روایتی طریقے ناکارہ ہوجاتے ہیں۔ اس پیراشوٹ کو ایجاد کرنے والے ماہرین کے مطابق اس کی موٹائی 64 سے 86 ملی میٹر تک ہے جو مختلف جسامت کےقلب میں سماسکتی ہے کیونکہ ہر شخص کا دل ایک جیسا نہیں ہوتا اور اسے پمپ کرنے والے مرکزی چیمبر( خانے) میں نصب کیا جاتا ہے جہاں کے پٹھے ( مسلز) ناکارہ ہوجاتے ہیں اور دل درست انداز میں خون پمپ نہیں کرپاتا۔

ماہرین کے مطابق ابتدائی طور پر اسے 70 سالہ ایسے شخص کے دل میں نصب کیا گیا جو دل کے تین خطرناک دوروں کے بعد ہارٹ فیل کے قریب پہنچ چکے تھے جب کہ اس پیراشوٹ کے اس مریض پر کامیاب نتائج دیکھے گئے اور اسے نصب کرنے میں صرف 20 منٹ کا وقت لگا۔

ماہرین کے مطابق یہ پیراشوٹ ایک مشینی دل کا کام کرتے ہوئے اصلی دل کو قوت دیتا ہے جس سے فوری طور پر دل کے عطیے کی ضرورت بھی کم ہوجاتی ہے۔ یہ آلہ نایٹینول دھات سے بنا ہے جس پر ایک خاص پلاسٹک فلوروپالیمر چڑھایا گیا ہے، یہ آپریشن کے بعد یہ دل کا مردہ یا متاثرہ حصہ ڈھانپ دیتا ہے اور اپنا کام شروع کردیتا ہے، اسے اینجیوپلاسٹی کی طرح ایک ٹیوب سے دل کے اندر پہنچایا جاتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہےکہ اسے فی الحال صرف مخصوص مریضوں پر اس کی آزمائش کی جارہی ہے جس کا خرچ 15 ہزار پاؤنڈ یا قریباً 21 لاکھ پاکستانی روپے ہے۔