اسلام آباد (جیوڈیسک) ملک کے بیشتر علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافے سے شارٹ فال پانچ ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا ہے ، شہروں میں آٹھ جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چودہ گھنٹے سے تجاوز کر گیا۔ ملک میں گرمی کی لہر میں اضافہ ہونے سے بجلی کا شارٹ فال بھی بڑھ گیا ہے۔
این ٹی ڈی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وقت ملک بھر میں بجلی کی کل طلب پندرہ ہزار میگا واٹ ہے جبکہ پیداوار دس ہزار میگا واٹ ہے جس میں سے ہائیڈل سے 4500 ، آئی پی پیز سے 4 ہزار اور دیگر ذرائع سے 15 سو میگا واٹ بجلی پیدا ہو رہی ہے۔ بجلی کی کل پیداوار 10 ہزار میگاواٹ ، شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ تک پہنچ گیا۔
شارٹ فال بڑھنے سے شہری علاقوں میں آٹھ گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے، جبکہ دیہی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ چودہ گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے۔