گرمی کا زور بڑھتے ہی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ بھی زوروں پے پہنچ گیا

حویلی لکھا (این این آئی) گرمی کا زور بڑھتے ہی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ بھی زوروں پے پہنچ گیا،شہری علاقوں میں چودہ جبکہ دیہی علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن گیا،لوگوں کو مشکلات کا سامنا،کسان نئی فصلات کی بوائی میں بجلی کی بندش کے باعث ٹیوویل بند ہونے سے پریشان۔حویلی لکھا اور اس کے دیہی علاقوں میں گرمی کا زور بڑھتے ہی بجلی کی طویل بندش کا سلسلہ بھی زور وں پر جا پہنچا ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑرہا ہے حویلی لکھا میں بارہ سے چودہ گھنٹے جبکہ اس کے دیہی علاقوں میں سولہ سے اٹھارہ گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے۔

دوسری جانب بجلی کی اس بندش سے ناصرف شہری حلقے پریشان ہیں اور بجلی سے منسلک کاروبار ٹھپ ہوچکے ہیں بلکہ دیہی علاقوں کے کسان بھی بجلی کی اس غیر اعلانیہ بندش کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہیں اور انہیں نئی فصل کی بوائی کے لئے پانی دستیاب ناہونے کے باعث پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے لوگوں کا کہنا ہے کہ حکومت بجلی کی اس طویل بندش کے جن کو فوری طور پے بوتل میں قید کریں۔