جرمنی(جیوڈیسک) وسطی یورپ ان دنوں شدید بارشوں اور سیلاب کی زد میں ہے، جرمنی،چیک ری پبلک اور آسٹریا میں سیلابی ریلے میں بہہ کر دس افراد ہلاک ہو گئے، ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ چیک ری پبلک میں شدید بارشوں کے بعد ڈیم ٹوٹ گیا جس سے ہزاروں ایکڑ زمین زیر آب آ گئی، سیلابی ریلے میں بہہ کر چھ افراد ہلاک اور تین ہزار بے گھر ہو گئے ہیں۔
سیلاب سے دارالحکومت پراگ کو شدید خطرہ لاحق ہے،جرمنی میں سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے فوج طلب کر لی گئی ہے۔لیپ زگ اور دوسرے شہروں میں سیلاب سے دو افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔
وسطی یورپ میں مختلف ملکوں کو آپس میں ملانے والی بڑی سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ آسٹریا کے جنوبی علاقوں میں سیلابی ریلوں میں بہہ کر دو افراد ہلاک ہو گئے، سالز برگ اور گردونواح سے ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچا دیا گیا ہے۔