کراچی میں پرفارم کرنے کا اپنا ہی مزہ ہے، راحت فتح علی خان

Rahat Fateh Ali Khan

Rahat Fateh Ali Khan

لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلو کار راحت فتح علی خاں نے کہاہے کہ کراچی روشنیوں کا شہر ہے۔ یہاں پربسنے والے لوگ موسیقی کے دلدادہ ہیں، یہاں پرفارم کرنے کا اپنا ہی مزہ ہے، سچے سروں میں بنے گیتوں کو جب اچھا رسپانس ملتا ہے تو مجھے دلی خوشی اور اطمینان محسوس ہوتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ کراچی میں منعقدہ پروگرام میں جہاں ہمارے ملک کے معروف آل رائونڈر شاہد آفریدی موجود تھے وہیں اہم سیاسی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار، خالد مقبول اور سابق گورنر میعن الدین حیدر جیسی اہم شخصیات کے علاوہ لوگوں کی کثیر تعداد دیکھ کر دلی خوشی ہوئی کیونکہ رات گئے تک جاری رہنے والے پروگرام میں جہاں تمام عمرکے لوگ موجود تھے وہیں ان کے رسپانس کو دیکھتے ہوئے میں نے مقررہ وقت سے زیادہ پرفارم کیا۔

تین گھنٹے تک جاری رہنے والی پرفارمنس کے دوران میں نے بالی ووڈ فلموں کے لیے گائے گیت سنائے جب کہ فرمائش پر لیجنڈ استاد نصرت فتح علی خاں مرحوم کی گائی قوالیاں اور غزلیں بھی پیش کیں جس پرشرکاء جھومتے رہے اور تالیاں بجا کرمجھے اورمیری ٹیم کوداد دیتے رہے۔

انھوں نے کہا کہ شہر قائد موسیقی کے پروگراموں کے انعقاد کے حوالے سے ہمیشہ آگے رہاہے اس لیے مجھے امید ہے کہ یہاں پروگراموں کے انعقاد میں اضافہ ہوگا اور یہاں بسنے والے اسی طرح ہماری پرفارمنسز سے محظوظ ہوتے رہیں گے۔