مڈغاسکر (اصل میڈیا ڈیسک) مڈغاسکر میں پولیس امور کے وزیر کا سمندر میں جب ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گيا تو وہ گھنٹوں تیرنے کے بعد ساحل تک پہنچے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ ہیلی کاپٹر کے حادثے کی وجہ کیا ہو سکتی ہے۔
مالاگاسی کے وزیر سرجی گیلے اور ملک کے دیگر حکام نے منگل کے روز بتایا کہ جزیرے کے شمال مشرقی ساحل پر ہیلی کاپٹر کے گر کر تباہ ہونے والے حادثے میں بچ جانے والے دو افراد میں سے وہ ایک تھے جو تقریباً 12 گھنٹے تک تیراکی کے بعد ساحل تک پہنچ سکے۔
پولیس امور کے وزیر سرجی گیلے اپنے تین پولیس افسران کے ساتھ سمندر میں تباہ ہونے والے ایک جہاز کا جائزہ لینے جا رہے تھے تبھی راستے میں ان کا ہیلی کاپٹر بھی کریش ہو گيا۔
گیلے اگست میں صدر اینڈری راجویلینا کے تحت قائم کی گئی کابینہ میں رد و بدل کے دوران وزیر بنائے گئے تھے۔راجویلینا نے 2018 میں مڈغاسکر کے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔
پیر کو ہونے والے اس حادثے کے بعد ہیلی کاپٹر میں سوار دو دیگر افراد کی تلاش ابھی جاری ہے۔ پولیس حکام کے مطابق حادثے کی وجہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکی ہے۔
پولیس امور کے وزیر سرجے گيلے اور ان کے ساتھ سوار ایک دوسرا پولیس افسر دو مختلف راستوں سے منگل کے روز ساحل تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئے۔ پورٹ اتھارٹی کے سربراہ ژاں ایڈمنڈ رینڈریانتینا کا کہنا تھا کہ بظاہر ان دونوں نے ہیلی کاپٹر گرنے سے قبل ہی خود کو ہیلی کاپٹر سے ایجیکٹ کر لیا تھا اور پھر تیرنا شروع کیا۔
ہیلی کاپٹر میں سوار دو دیگر مسافر جو ابھی تک لا پتہ ہیں ان کا تعلق بھی پولیس فورسز سے ہے۔ وزارت دفاع نے اس حوالے سے جو ویڈیو شیئر کی ہے اس میں وزیر کو ایک ڈیک چیئر پر آرام کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے اور اس میں وہ اب بھی کودنے والے وردی پہن رکھی ہے۔
ویڈیو میں وزیر موصوف کو کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے، “میری موت کا وقت ابھی نہیں آیا۔” پولیس سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیر گیلے نے ہیلی کاپٹر کی ایک سیٹ کو پانی کی سطح پر تیرنے کے لیے بطور سہارا استعمال کیا۔
اپنی ایک ٹویٹ میں صدر اینڈری راجویلینا نے وزیر کی جرات اور ان کی لگن کے کے لیے ان کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک ہیلی کاپٹر حادثے اور سمندری جہاز کے متاثرین کی ہر ممکن امداد کے لیے تیار ہے۔
ہیلی کاپٹر کہاں جا رہا تھا؟ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر وزیر اور پولیس حکام کو اس سمندری جہاز کے معائنے کے لیے لے جا رہا تھا، جو ایک روز قبل سمندر میں تباہ ہو گیا تھا۔ امدادی کارکنان نے اس متاثرہ جہاز سے اب تک 39 لاشیں بر آمد کی ہیں۔ اس جہاز میں تقریبا 130 افراد سوار تھے جس میں سے 45 افراد کو اب تک بچا یا گیا ہے۔