اسلام آباد (جیوڈیسک) سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری کا کہنا ہے کہ نلترہ میں حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کا بلیکس باکس مل چکا ہے تاہم واقعے میں کسی قسم کی دہشت گردی نہیں ہوئی جب کہ وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی واقعے میں تخریب کاری کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
اسلام آباد میں سیکریٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے عسکری حکام سمیت ناروے اور فلپائن کے سفارتی عملے کے ہمراہ واقعے پر پریس بریفنگ دی جس میں ان کا کہنا تھا کہ سفارت کاروں کا دورہ معمول کےمطابق تھا، ایسے دوروں کا مقصد انہیں پاکستان سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کاپٹر انجن کی خرابی کےباعث تباہ ہوا اور حادثہ تکنیکی وجہ سے پیش آیا جب کہ ہیلی کاپٹر کا بلیک باکس مل چکا ہے اور واقعے میں کسی قسم کی دہشت گردی نہیں ہوئی ہے۔
سیکریٹری خارجہ نے کہا کہ نلتر میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات تھے، 30 ملکوں کے سفیر علاقے میں چیئرلفٹ کی افتتاحی تقریب کے لیے گئے، متاثرہ ہیلی کاپٹر میں سوار 12 افراد کو بچالیا گیا ہے جن میں سے پولینڈ کے سفیر اور ان کی اہلیہ کو معمولی زخم آئے ہیں۔ اعزاز چوہدری کا کہنا تھا کہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں جس کی مکمل رپورٹ سامنے لائیں گے جب کہ مرنے والوں کی یاد میں اگلے ہفتے تقریب منعقد کی جائے گی۔
اعزاز چوہدری نے کہا کہ ہم دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، پوری قوم، سیاسی و عسکری قیادت غم زدہ ہے، کل ملک اور بیرون ملک سفارت خانون پر پاکستان کا پرچم سرنگوں رہے گا جب کہ حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں ان کے متعلقہ ملک بھجوانے کے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ آج گلگت کے علاقے نلتر میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں غیر ملکی سفیروں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوئے جن میں پاک فوج کے 2 پائلٹ بھی شامل ہیں۔