نئی دہلی (جیوڈیسک) بھارتی ایوان زیریں (لوک سبھا) میں کانگریس کی سربراہ سونیا گاندھی پر ہیلی کاپٹروں کی خریداری میں رشوت حاصل کرنے کے الزام پر ایوان میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔
کانگریس پارٹی کی صدر سونیا گاندھی کو اس الزام کاسامنا ہے کہ انہوں نے ایک اطالوی کمپنی سے ہیلی کاپٹروں کی خریداری کے ایک سودے میں کمیشن لیا تھا تاہم سونیا گاندھی نے اس الزام کو یکسر مسترد کیا ہے۔ بھارتی ٹی وی کے مطابق یہ سودا 2010ء کا ہے جب انتہائی اہم شخصیات کے استعمال کیلئے کانگریس کی قیادت والی حکومت نے اطالوی کمپنی فن مکینیکا کی ذیلی کمپنی اگستا ویسٹ لینڈ سے 12 ہیلی کاپٹر خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔
کنٹریکٹ 3600 کروڑ روپے کا تھا اور الزام ہے کہ اس سودے کو حاصل کرنے کیلئے کمپنی نے تقریباً 334 کروڑ روپے بطور رشوت بھارتی اہلکاروں اور سیاستدانوں کو ادا کئے تھے۔ اٹلی کی ایک عدالت اس کیس میں فیصلہ سنا چکی ہے اور کمپنی کے اہلکاروں پر کمیشن دینے کا الزام ثابت ہوچکا ہے۔ اس کیس میں انڈین فضائیہ کے سابق سربراہ ائر مارشل ایس پی تیاگی بھی ملزم ہیں۔