ترکی (جیوڈیسک) نائب وزیر اعظم اور حکومتی ترجمان نعمان قورتلمش نے کہا ہے کہ شام میں گذشتہ ماہ سے لاپتہ ترک فوجیوں سے متعلق کوئی مصدّقہ معلومات موجود نہیں ہیں۔
رواں سال کے آخری کابینہ اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں کے ساتھ بات چیت میں انہوں نے سوالات کے جواب دئیے۔
گذشتہ ہفتے نشر ہونے والے ویڈیو مناظر کے بارے میں بھی نعمان قورتلمش سے سوال پوچھا گیا کہ جن کے بارے میں دعوی کیا جا رہا ہے کہ شام کے ان ترک فوجیوں سے متعلق ہیں کہ جن کے ساتھ رابطہ منقطع ہو گیا ہے ۔
سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو ترک مسلح افواج اور وزارت دفاع کی تصدیق شدہ معلومات کی حامل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی دہشت گرد تنظیمیں دنیا کا گھٹیا ترین میکانزم ہیں جو عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کر رہی ہیں۔
شام میں جاری فرات ڈھال آپریشن کا بھی جائزہ لیتے ہوئے نائب وزیر اعظم نعمان قورتلمش نے کہا کہ ترکی جرابلس، الباب اور منبج کو ایک قومی مسئلہ خیال کرتا ہے اور اگر کوئی ترکی کی مدد نہ بھی کرے تو بھی ترکی ان مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔