کیا آپ ”ہیموفیلیا” کے بارے میں کچھ جانتے ہیں ؟

Hemophilia

Hemophilia

تحریر : ماجد امجد ثمر
خون کیا چیز ہے اور انسان کے جسم میں اس کی کیا اہمیت ہے یہ تو تقریباً سب ہی جانتے ہیں اور جو لوگ نہیں جانتے انہیں اس کی قدروقیمت کا انداذہ اس وقت ہوتا ہے جب صرف اور صرف خون کی کمی کی وجہ سے ان کی اپنی یاپھر ان کے کسی عزیز کی جان خطرے میں ہواور ایمرجنسی کی صورت میں فوراً اسکا بندوبست کرنا پڑ ے۔خون کی قدرو قیمت صرف اس بنا ء پر اور بھی بڑھ جاتی ہے کہ خون اصل میں وہی ہوتا ہے جو قدرتی طور پر انسان کے جسم میں بن چکا ہوتا ہے کیونکہ خو ن کو مصنوعی طریقے سے نہیں بنایا جا سکتا ہے اور نہ ہی کوئی اور مادہ اس کا متبادل ہوتا ہے۔

آج کے سائنسی دور میں بہت سے مصنوعی اعضاء جیسے نقلی ٹانگیں ، ہاتھ پائوں ،دل،گردے،مصنوعی بالوں کے علاوہ اگر کھانے پینے کی اشیاء پر نظر ڈالیں تو پائوڈر والا دودھ اور بہت سے مصنوعی فلیور وغیرہ ایجاد کر لئے گئے ہیں جن کا استعمال بڑی کامیابی سے جاری بھی ہے لیکن انسان مصنوعی طور پرایسا خون بنانے سے ابھی تک قاصر ہے جوانسانی جسم کے لئے کارآمد ثابت ہو۔ اس سے بھی پتہ چلتا ہے کہ خون اپنی کیا حیثیت رکھتا ہے۔

اور پھرجب یہ ہی قیمتی خون زرا سی چوٹ وغیرہ لگنے سے یونہی بہنا شروع ہو جائے اور پھر کافی دیر تک بہتا ہی رہے بلکہ ضائع ہوتا رہے تو یہ کتنا تشویشناک امر ہے۔ معمولی سی چوٹ لگنے پر بھی خون کا ذیادہ عرصے تک ضیاع ہونااور قدرتی طور پر بہنے سے نہ رکنا ہی دراصل ‘ ہیموفیلیا ‘ کا مرض کہلاتا ہے۔پاکستان میںتو ذیادہ تر لوگ اس بیماری کے نام سے بھی واقف نہیں ہیں۔

Hemophilia Day

Hemophilia Day

ہیموفیلیا کا عالمی دن ہر سال 17 اپریل کو پاکستان سمیت پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔جس کا مقصد لوگوں میں اس ہیموفیلیا جیسی بیماری کے بارے آگاہی پیدا کرنااور اس مرض کے علاج کے لئے آسانیاں اور سہولیات میں اضافہ کرنا شامل ہوتا ہے تاکہ اس مرض کے شکار افراد کی ذندگیوںکو بہتر اور محفوظ بنایا جاسکے۔ ایک مشہور عالمی تنظیم (WFH)ورلڈ فیڈریشن آف ہیموفیلیااس مقصد کو پورا کرنے میںاپنا ایک اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ہیموفیلیا ایک امراضِ طاریہ ہے یعنی یہ ایک خاندانی یا موروثی بیماری ہے جو والدین سے بچوں میں منتقل ہوتی ہے اور یہ کزن میرج کی وجہ سے ذیادہ پھیلتی ہے اور اس کی علامات میں جسم پر نشان پڑنا، زخم آنے کی صورت میں خون کا نہ رکنا اور جوڑ کا سوج جانا شامل ہیں۔

اس بیماری کے مریض کو اگر جسم کے کسی حصے پر چوٹ لگ جائے اور پھر اس سے خون نکلنے لگے تو وہ خون رکتا نہیں بلکہ کافی دیر تک بہتا ہی رہتا ہے۔ ۔ ایک عام مشاہدہ ہے کہ بعض اوقا ت کہ کوئی چیز کاٹتے ہوئے انگلی پر چھری سے کٹ لگ جائے تو خون ایک خاص وقت تک بہتا ہے اور پھر اس پر ایک جِھلی سی بن جاتی ہے جسے انگریزی میں (کلوٹ) کہتے ہیں اور اس کلوٹ کی بدولت ہی خون قدرتی طور پر خود بخود ہی رک جاتا ہے یا پھر جم جاتا ہے لیکن اب ہیموفیلیا کے مریضوں کے ساتھ ایسا عمل بالکل بھی نہیں ہوتا کیونکہ ان کے خون میں (کلوٹ) بنانے کی صلاحیت نہیں ہوتی اور یہ کلوٹنگ ہی تو جسم کا خون ضائع ہونے سے بچاتی ہے۔

چونکہ خون پلازمہ(پروٹین ) ،سرخ خلیات ،سفید خلیات اور پلیٹلیٹس پر مشتمل ہوتا ہے اورکلوٹنگ بنانے میں سب سے اہم کردارپروٹین ادا کرتے ہیں لہذاخون میں موجود یہ پروٹین ،پلیٹلیٹس کے ساتھ مل کر کلوٹنگ کرنے میں مدد دیتے ہیں۔ ا س بیماری میں خون جمانے والے ذرات کی کمی ہوتی ہے اور یہ بیماری ہونے کی سب سے اہم وجہ جین میں ہونے والی خرابی ہے جو کہ Xکروموسوم میں ہوتی ہے اور اگر کلوٹنگ کرنے والے جین کو نقصا ن پہنچ جائے تو ہیموفیلا جیسی خطرناک بیماری جنم لیتی ہے۔ہیموفیلیا کے شکار ذیادہ تر مرد حضرات ہی ہوتے ہیںیعنی یہ بیماری ذیادہ تر مردوں میں ہی پائی جاتی ہے۔ ہیموفیلیا کی دو اقسام ہوتی ہیں۔

Hemophilia

Hemophilia

ایک ہیموفیلیا Aجبکہ دوسری ہیموفیلیا B۔لوگ ذیادہ تر ہیموفیلیا Aہی کا شکار ہوتے ہیں جبکہ ہیموفیلیا Bکے مریض کی تعداد بہت ہی کم ہے ۔ یوں کہہ لیں کہ ہیموفیلیا کے مریضوں میں 80%ہیموفیلیا Aاور 20% ہیموفیلیا B کا شکار ہوتے ہیں۔ جیسا کہ میں نے پہلے بھی ذکر کیا ہے کہ خون میں کچھ کلوٹنگ فیکٹرز ہوتے ہیں جو خون جمانے کا کام کرتے ہیں جیسے فیکٹر 8اور فیکٹر 9۔ اب ہیموفیلیاAکا مرض فیکٹر 8 کی کمی اور ہیموفیلیا Bکا مرض فیکٹر 9کی کمی کی وجہ سے لگتا ہے۔اس وقت دنیا میں ہیموفیلیا کے مریضوں کی تعداد 4لاکھ کے قریب ہے جن میں سے 1لاکھ ساٹھ ہزار کی تشخیص ہو چکی ہے۔دنیابھر میں اس بیماری کے75%فیصد مریض ایسے ہیں جو اپنا علاج باقاعدگی سے یا مناسب انداز سے نہیں کرواتے یا پھر بالکل بھی نہیں کرواتے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق پاکستان میں تقریباً 20ہزار بچے ہیموفیلیا کے مرض میں مبتلا ہیں۔

جن میں 90%ایسے ہیں جو جہالت ،غربت ،اس بیماری بارے آگہی کی کمی اورطبی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے اپنا علاج کروانے سے قاصر رہتے ہیں۔حکومت پاکستان کی بھی ستم ظریفی یہ ہے کہ یہ ہیموفیلیا جیسے مرض پر بالکل بھی توجہ نہیں رہی جو کہ اس بیماری میں مبتلا مریضوں کے ساتھ سراسر ظلم و نا انصافی ہے۔میرا حکومت سے سوال یہ ہے کہ کیا ہیموفیلیا سے مرنے والا شخص انسان نہیں ہوتا؟ اگر انسان ہوتا ہے تو پھر ان مریضوں کی دیکھ بال اس طرح کیوں نہیں کی جاتی کہ جس طرح تھوڑی بہت دوسری بیماریوں والے مریضوں کی ہوتی ہے۔ میر اتو یہ کہنا کہ ہیموفیلیا کی وجہ سے اگرصرف ایک شخص کی بھی جان چلی جاتی ہے تو یہ بھی اتنی ہی افسوسناک اور نقصان دہ بات ہے جیسے کہ کوئی شخص ایڈز،شوگر یا کینسر کی وجہ سے مرجاتا ہے ۔ لیکن صد افسوس کہ حکومت کی طرف سے اس ہیموفیلیا کے اداروںکو صحیح معنوں میں نہ تو کوئی خاص توجہ او ر نہ ہی کوئی مالی تعاون حاصل ہے۔

وزیرصحت اپنی صحت کے ساتھ ساتھ ان مریضوں کی صحت کا بھی کچھ سوچیں! پاکستان میں ہیموفیلیا کے مریضوں کی ایک ویلفیئرسوسائٹی ( PHPWS)اپنے ذاتی وسائل کے ساتھ ہیموفیلیا کے مریضوں کا علاج کر رہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ہیموفیلیا کے لئے خصوصی طور پر مالی رقم بھی مختص کرے اور سنجیدگی کے ساتھ اس مرض پر توجہ دے تاکہ ہیموفیلیا کے مریضوں کابھی بہتر طریقے سے علاج ہو سکے اور قیمتی ذندگیوں کو محفوظ بنا یا جاسکے۔

Majid Amjad Samar

Majid Amjad Samar

تحریر : ماجد امجد ثمر