ہیپاٹائٹس کا 15 ہزار کا انجکشن عام آدمی کی پہنچ سے باہر

Injection

Injection

اسلام آباد (جیوڈیسک) پاکستان میں پولیو کے ساتھ ساتھ ہیپاٹائٹس کا وائرس عوام کے لئے وبال جان بن گیا ہے۔

ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی تعداد کروڑوں میں پہنچ گئی ہے لیکن وزارت صحت کے پاس ان کاکوئی ڈیٹا موجود نہیں۔ وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے راولپنڈی، کراچی، لاہور، کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں پینے کے پانی میں ہیپاٹائٹس کے وائرس کی موجودگی کے ثبوت ملے ہیں۔

اس وقت پاکستان میں ہیپاٹائٹس کے علاج کیلیے سرکاری طور پر مریضوں کو کوئی خاطر خواہ سہولت فراہم نہیں کی جارہی جبکہ ہیپاٹائٹس بی اور سی کے علاج کیلیے ہفتے میں3 مرتبہ لگایا جانے والا انجکشن انٹر فیرون15 ہزار کے قریب قیمت ہونے کے باعث عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پولیو اور ہیپاٹائٹس کے خاتمے کیلیے مالی معاونت کرنیوالی بین الاقوامی تنظیم بل گیٹس فاؤنڈیشن کا وفد رواں ماہ کے وسط میں پاکستان کا دورہ کریگا جس کے دوران وہ وزارت صحت کے اعلیٰ حکام کو پاکستان کے اندر پولیو کے حوالے سے عالمی سطح پر پائی جانیوالی تشویش سے آگاہ کریگا۔

بل گیٹس فاؤنڈیشن کے وفد کی سربراہی ڈاکٹر وقاراجمل کرینگے، پولیو کے حوالے سے حکومت جاپان کے علاوہ اس وقت بل گیٹس فاؤنڈیشن پاکستان کی سب سے زیاد ہ مالی سپورٹ جاری رکھے ہوئے ہے۔ ذرائع کے مطابق وفد وزیراعظم نواز شریف سمیت چاروں صوبوں کے وزرائے اعلی سے بھی ملاقاتیں کرے گا۔