کراچی (جیوڈیسک) سندھ ہائی کورٹ میں چیف سیکرٹری سندھ کے خلاف توہین عدالت درخواست کی سماعت ہوئی ۔ سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل بینچ کی عدالت میں محکمہ ریونیو کے ملازمین کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ محکمہ ریونیو میں دو ہزار چار میں سات ملازمین کو بھرتی کیا گیا تھا لیکن انہیں ابھی تک مستقل نہیں کیا گیا۔
عدالت نے درخواست گزار کا موقف سنتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ کو پانچ روز میں مستقل کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت کا کہنا تھا کہ اگر پانچ روز میں محکمہ ریونیو کے ملازمین کو مستقل نہ کیا تو چیف سیکرٹری سندھ کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے گی۔ عدالت ملازمین کو مستقل کرنے کی رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔