لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے ہنگامی حالات کو بنیاد بنا کر شہریوں کی زمینیں ایکوائر کرنے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کیلئے فل بینچ بنانے کی سفارش کردی ہے جبکہ گلبرگ سے براستہ شادمان موٹروے ٹوتک نالے پر ایلی ویٹڈ ایکسپریس وے کیلئے اراضی ایکوائر کرنے کیخلاف درخواستوں پر حکم امتناعی بھی برقرار رکھا۔
ہائیکورٹ نے بزرگ پنشنرز کو فل پنشن کی عدم ادائیگی کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواستوں میں محکمہ خزانہ اور اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب کے متعلقہ افسروں کو کل طلب کر لیا۔ ہائیکورٹ نے لگژری ٹیکس کیخلاف دائر مزید 9 درخواستوں میں حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری پنجاب اور سیکرٹری ایکسائز سے دس نومبر تک جواب طلب کر لیا۔
ہائیکورٹ نے سیکرٹری خزانہ پنجاب سے عدالت عالیہ کے ملازمین کو جوڈیشل الاؤنس میں 50 فیصد اضافے کے چار برسوں کے بقایاجات کی رپورٹ طلب کر لی۔