ہائیکورٹ نے قاتل کی پھانسی 13 اکتوبر تک رکوا دی

Rawalpindi High Court

Rawalpindi High Court

راولپنڈی (جیوڈیسک) ہائیکورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ اور جسٹس عالیہ نیلم نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج راولپنڈی کی طرف سے تھانہ واہ کینٹ کے قتل کیس کے مجرم شعیب سرور ولد غلام سرور کو 18 ستمبرکو پھانسی دینے کے متعلق ڈیتھ وارنٹ 13 اکتوبر تک معطل کر کے اس کی پھانسی رکوا دی۔

عدالت نے وفاق، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو نوٹس جاری کرکے 13 اکتوبرکو جواب سمیت طلب کر لیا۔ مجرم کی والدہ کی طرف سے رانا کاشف سلیم ایڈووکیٹ نے ڈیتھ وارنٹ کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائرکی ۔

ان کا موقف تھا کہ وفاق نے ملک بھر میں پھانسی کی سزاؤں پر عملدرآمد روک رکھا ہے جب تک حتمی فیصلہ نہیں ہوتا پھانسی نہیں دی جاسکتی، پھانسی کی سزا پر عملدرآمد کے اس حکم کو روکا جائے۔

عدالت نے استدعا منظور کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ کو ڈیتھ وارنٹ پر عمل کرنے سے بھی روک دیا۔ مجرم شعیب سرور کے خلاف تھانہ واہ کینٹ پولیس نے 21 جنوری 1996 میں اویس نواز کو قتل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا وہ اس وقت ہری پور جیل کے پھانسی سیل میں قید ہے۔