فیصل آباد : مسلم لیگ (ن) کے صوبائی رہنما حافظ طاہر جمیل میاں نے کہا ہے کہ خادم اعلیٰ اس کی شاندار اور بہترین پالیسیوں کی بدولت پنجاب میں مکمل امن قائم ہوچکا جبکہ وزیرقانون رانا ثناء اللہ خاں کی خصوصی دلچسپی کے باعث تھانوں میں عام سائل کے ساتھ بہتر سلوک ہو رہا ‘ صوبہ بھر کے عوام میاں شہباز شریف کے ان اقدامات کو قدر کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 3 سال قبل صوبہ بھر میں امن وامان کی صورتحال انتہائی دگرگوں تھی وزیراعلیٰ نے اقتدارمیں آتے ہی ایسے اقدامات کئے کہ جن کی بدولت سماج دشمن عناصر کے گرد گھیرا تنگ کیا گیا اور انہیں ہتھیارپھینکنے پر مجبور کردیا گیا ‘ جو ہتھیار پھینکتے ہیں رضامند نظر نہ آئے انہیں پولیس نے اوپر پہنچادیا تاہم ملک کے دیگر صوبوں میں امن و امان کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہو چکی ہے۔
لوگ گھروں میں محفوظ ہیں نہ سڑکوں پر اب تو حالات یہ ہوگئے ہیں کہ سندھ پولیس نے اویس شاہ کی بازیابی کیلئے پنجاب پولیس سے مدد مانگ لی ہے اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ پنجاب ایک مثالی صوبہ بنتا جارہا ہے اور آنے والے وقت میں یہ صوبہ جو کہ پہلے ہی بڑا بھائی ہونے کا کردار ادا کررہاتھا اب مزید بڑھے پن کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام صوبوں پر اپنا دست شفقت رکھتے ہوئے انہیں مسائل کی دلدل سے نکالنے کیلئے کلیدی کردار ادا کرے گا۔