اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں چوری، کار چوری، چیک ڈس آنر، فراڈ اور کارحادثہ کے واقعات کے دوران 30 سالہ شخص جاں بحق، کار اور طلائی زیوارت چرا لئے گئے جبکہ 50 لاکھ کا چیک ڈس آنر ہونے اور زیوارت واپس نہ کرنے پر مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ تھانہ لوہی بھیر پولیس کو مسماۃ سائرہ منظور نے بتایا کہ اس کا ہار مالیتی ایک لاکھ ستر ہزار روپے چوری ہوا سسر جاوید، ساس فرزانہ، دیور اعجاز اور نند حمیرا پر شبہ ہے۔
اسی تھانہ کے علاقہ سواں گارڈن سے نعیم عباس کی کار چور چرا کر لے گئے تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ آئی جے پی روڈ پر تیس سالہ نامعلوم شخص تیز رفتار کار کی زد میں آکر جاں بحق ہو گیا پولیس نے نعش پوسٹ مارٹم کے لیے پمز ہسپتال میں منتقل کر دی ہے تھانہ مارگلہ پولیس کو عبد الحمید نے بتایا کہ قرض واپسی کے لیے رانا استخار نے 50 لاکھ روپے مالیتی چیک دیا جو ڈس آنر ہو گیا اور تھانہ شہزاد ٹائون پولیس کو محمد نوید نے بتایا کہ لاکھوں روپے مالیتی زیورات مسماۃ پروین، عاصمہ، گلزار اور راجہ شاہد کے پاس امانتاً رکھوائے جو اب واپس دینے سے انکاری ہیں پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کر لئے ہیں۔