کراچی (جیوڈیسک) سپر ہائی وے اور گلشن حدید میں تیز رفتار ٹریلر اور ٹرک نے 2 افراد کو کچل کر ہلاک کر دیا، منگھوپیر اور لیاقت آباد میں کرنٹ لگنے سے کم عمر لڑکے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق پیر کی علی الصباح سائٹ الحبیب ریسٹورینٹ کے قریب سپر ہائی وے پر تیز رفتار ٹرک نے بے قابو ہوکر سوزوکی کو ٹکر ماردی جس سے سوزوکی میں سوار ایک شخص موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔
جس کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی گئی، متوفی کی شناخت 40 سالہ محمد صدیق ولد میر زمان کے نام سے کی گئی ہے، متوفی بھینس کالونی کا رہائشی تھا۔ سائٹ سپر ہائی وے پولیس نے ذمے دار ٹرک کے ڈرائیور عمران کو گرفتار کرکے ٹرک قبضے میں لے لیا ہے۔
گلشن حدید موڑ کے قریب تیز رفتار ٹریلر نے موٹر سائیکل سوار2 افراد کو ٹکر ماردی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار ایک شخص موقع پر جاں بحق ہوگیا جبکہ دوسرا شخص معجزانہ طور پر محفوظ رہا، ہلاک شخص کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال لائی گئی جہاں متوفی کی شناخت 35 سالہ اﷲ ڈنو گبول ولد ببر خان کے نام سے ہوگئی متوفی مرید گوٹھ پپری کا رہائشی تھا۔
اسٹیل ٹاؤن پولیس نے لاش ورثا کے حوالے کرکے ٹریفک حادثے کا مقدمہ درج کر کے ٹریلر ڈرائیور کی تلاش شروع کردی ہے، منگھو پیر میں واقع ویلڈنگ کی دکان میں کام کے دوران کرنٹ لگنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا جس کی لاش عباسی شہید اسپتال لائی گئی، متوفی کی شناخت 30 سالہ فتخ محمد ولد نیاز احمد کے نام سے ہوئی متوفی بلوچ کالونی کا رہائشی تھا، منگھوپیر پولیس نے لاش ورثا کے حوالے کردی۔
لیاقت آباد کے علاقے سکندر آباد میں کرنٹ لگنے سے 13 سالہ نوجوان جاں بحق ہوگیا جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال پہنچائی گئی جہاں متوفی کی شناخت واجد علی ولد محمد یوسف کے نام سے کی گئی متوفی سکندر گوٹھ کا رہائشی تھا، متوفی کے ورثا لاش بغیر کسی کارروائی کے اپنے ہمراہ لے گئے۔