ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ، کراچی کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم

Electricity

Electricity

کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے صنعتی حب اور ملک کے سب سے بڑے شہر کے بیشتر علاقے شہرکو بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے الیکٹرک کی ایکسٹرا ہائی ٹرانسمیشن لائنوں کے ٹرپ کرجانے سے بحلی سے محروم ہو گئے۔

بلدیہ ٹاؤن، سائٹ، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا، گلشن اقبال، گلستانِ جوہر اور ملیر کے علاقوں میں بجلی کی فراہمی منقطع ہے۔ کراچی الیکٹرک کے ذرائع کے مطابق یہ لوڈ شیڈنگ اہم ٹرانسمیشن لائنوں کے ٹرپ کرنے کی وجہ سے کی جارہی ہے۔

کے ای کے نمائندوں سے جب رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ یہ فالٹ ایک فیڈر اور ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائنوں کے ٹرپ کرجانے کی وجہ سے آیا ہے، اور اس کو چار گھنٹوں میں بحال کردیا جائے گا۔

فنی خرابیاں ہوں یا مرمت کے نام پر لوڈ شیڈنگ، جواز کوئی بھی ہو ، کراچی کے شہری ان وجوہات کی بنا پر ہونے والی بجلی کی بندش سے تنگ آگئے ہیں۔ اب تو رات گئے بھی گھنٹوں بجلی کی بندش ان کے لیے درد سر بن چکی ہے۔

آج بھی ایکسٹرا ہائی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ ہوئی تو شہریوں کا پارہ ہی چڑھ گیا۔ بیشتر شہری ٹرانسمیشن لائن کی مرمت کے لیے کے الیکٹرک سے رابطہ کرتے رہے۔ کے الیکٹرک ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کی ٹرانسمیشن لائن کی مرمت میں وقت درکار ہوتا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ وجہ کوئی بھی ہو خمیازہ انہیں ہی بھگتنا پڑتا ہے۔