اسلام آباد (جیوڈیسک) جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کے تین رکنی بنچ نے غداری کیس کی سماعت کی۔ پراسیکیوٹر اکرم شیخ نے کیس سے متعلق تمام دستاویزات سابق صدر کے وکلاء کے حوالے کر دیں۔
دستاویزات آٹھ سو اڑتیس صفحات پر مشتمل ہیں جن میں انٹیلی جنس رپورٹ، کابینہ اجلاس کا ریکارڈ اور تفتیشی رپورٹ شامل ہیں۔ اس دوران جسٹس فیصل عرب نے ریمارکس دیئے کہ یہ دستاویزات سماعت سے چار پانچ روز پہلے دے دی جاتیں تو بہتر ہوتا۔ وکیل استغاثہ اکرم شیخ نے موقف اختیار کیا کہ مختلف محکموں سے دستاویزات کے حصول میں وقت لگا ہے۔
قومی اسمبلی کے ریکارڈ طلب کرنے سے متعلق پرویز مشرف کی درخواست پر کل دلائل دیئے جائیں گے۔ پرویز مشرف کی جانب سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ تین نومبر کے اقدامات کی حمایت میں قومی اسمبلی میں قرارداد منظور کی گئی تھی اس کا ریکارڈ بھی طلب کیا جائے۔ عدالت نے دستاویزات کا جائزہ لینے کے لئے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔