امریکہ (جیوڈیسک) امریکہ کی سابق وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن نے ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی اکثریتی جماعت کی جانب سے بطور خاتون صدر نامزدگی کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔
ہلیری کلنٹن نے فلاڈیلفیا میں منعقد ہونے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کنوینشن کے دوران ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے میں 2382 ووٹ حاصل کیے۔
برنی سینڈرز جنھوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کے صدارتی امیدوار بننے کے لیے ہلیری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کیا تھا نے جماعت کے اتحاد کی علامت کے طور پرسٹیج پر آکر ہلیری کی نامزدگی کا اعلان کیا۔
نومبر میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں اب ان کا مقابلہ ریپبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ سے ہوگا۔ اس سے قبل ہلیری کلنٹن نے ریاست ورجینیا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ٹم کین کو اپنا نائب صدارتی امیدوار منتخب کیا تھا۔
کلنٹن نے ایک ٹویٹ میں اپنے فیصلے کا اعلان کیا۔ وہ ہفتے کو اس کا باضابطہ اعلان کریں گی۔ کین ہسپانوی زبان روانی سے بولتے ہیں اور وہ ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف انتخابی مہم کے دوران ہسپانوی امریکی ووٹروں کی حمایت حاصل کر سکتے ہیں۔
وہ تجربہ کار سیاست دان ہیں اور انھیں نائب صدر کے لیے ’محفوظ‘ انتخاب قرار دیا جا رہا ہے۔