ماسکو (جیوڈیسک) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے جرمن نازی رہنما اڈولف ہٹلر سے تشبیہ دینے پر سابق امریکی سیکرٹری خارجہ ہیلری کلنٹن کی مذمت کرتے ہوئے اسے کمزور خاتون قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ بہتر ہے خواتین سے بحث نہ کی جائے۔ سابق امریکی سیکرٹری خارجہ ہیلری کلنٹن نے یوکرائن میں صدر پیوٹن کی کارروائی کو دوسری جنگ عظیم کے دوران ہٹلر کی کارروائیوں سے مشابہ قرار دیا تھا۔
روس کے صدر نے انٹرویو دیتے ہوئے ہیلری کلنٹن کو کمزور خاتون قرار دیا اور کہا کہ جب لوگ اپنی حدود سے تجاوز کر لیں تو یہ اس لئے نہیں کہ وہ مضبوط ہیں بلکہ وہ کمزور ہوتے ہیں۔ روس کے رہنما نے مزید کہا کہ اس سے ثابت ہو گیا کہ جب خارجہ پالیسی کی بات آجاتی ہے تو پھر امریکی حکام کو معقول دلائل کی کمی کا سامنا ہوتا ہے۔