گجرات (جیوڈیسک) بھارت میں انتہا پسند ہندو تنظیم ’’ویشوا ہندو پریشد‘‘ نے مسلمانوں کو 48 گھنٹے میں ہندو بستیاں خالی کرنے کی دھمکی دی ہے۔
ویشوا ہندو پریشد کے صدر پروین ٹوگاڈیا نے بھارتی ریاست گجرات کے علاقے بھاؤنگر میں مسلمان تاجر کے گھر کے سامنے مظاہرے کے دوران کارکنوں سے کہا کہ اگر 48 گھنٹے میں مسلمان تاجر گھر خالی نہ کرے تو اس کے گھر پر زبردستی قبضہ کرلیا جائے۔
پروین ٹوگاڈیا نے اپنی گھٹیا اور متعصبانہ ذہنیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہا پسند ہندوؤں کو حکم دیا کہ تاجر پھر بھی مکان خالی نہ کرے تو گھر پر حملہ کرنے سے بھی نہ کترایا جائے۔
پروین ٹوگاڈیا کا کہنا تھا کہ مسلمانوں کو سبق سکھانے اور الیکشن کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی اور کانگرس پر دباؤ ڈالنے کا یہ بہترین موقع ہے اور ہم اس سے قبل بھی ایسا کرچکے ہیں جس میں مسلمانوں کو نقصان اٹھانا پڑا۔
دوسری جانب کانگریس اور عام آدمی پارٹی نے پروین ٹوگاڈیا کو ان کے مذہبی منافرت سے بھرپور بیان پر سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بھارتی الیکشن کمیشن سے ان کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا تاہم بھارتیہ جنتا پارٹی اور راشٹریا سیوک سنگھ نے ان کے بیان کی حمایت کی ہے۔