ممبئی (جیوڈیسک) بھارت میں ہندو انتہا پسندی اپنی آخری حدوں کو چھونے لگی، انتہا پسند تنظیم شیو سینا نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کو قومی فریضہ قرار دیتے ہوئے مودی سرکار سے مندر کی تعمیر کی تاریخ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
بھارت میں مودی سرکار کے چھتر تلے ہندو جنونیت عروج پر پہنچ گیا۔ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کے علمبردار بھارت میں مسلمانوں کے مذہبی مقامات پر مندر بنانے کی کوشش جاری ہے۔
انتہا پسند ہندو تنظیم شیو سینا نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تعمیر کو قومی فریضہ قرار دے دیا۔ شیوسینا کی ترجمان رسالہ Saamana میں لکھا گیا ہے کہ رام کی مدد سے برسراقتدار آنے والے بی جے پی حکومت کو شرم کر کے رام مندر کی تعمیر شروع کر نی چاہیے۔
شیوسینا نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ رام مندر کی تعمیر کے لیے مودی سرکار تاریخ کا تعین کرے۔ اس سے قبل ایک ہندو انتہا پسند تنظیم کے رہنما نے دعویٰ کیا تھا کہ مودی سرکار نے رام مندر کی تعمیر کے لیے اشارہ دے دیا ہے جس کے بعد ایودھیا میں مندر کی تعمیر کے لیے تعمیراتی سامان بھی پہنچایا گیا۔