ایودھیا (جیوڈیسک) بھارت میں ہندو انتہاپسندوں نے بابری مسجد کی جگہ رام مندر بنانے کے لئے پتھر پہنچانے شروع کردیئے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر ایودھیا میں ہندو انتہا پسندوں نے عدالتی حکم امتناعی کے باوجود تاریخی بابری مسجد کی جگہ متنازع مقام پر رام مندر کی تعمیر کے لیے اقدامات کرنا شروع کردیئے ہیں، مندر کی تعمیر کے لئے پتھروں کو لانے کام شروع کردیا ہے جس کے تحت ابتدائی طور پر راجستھان سے 20 ٹن پتھر لائے گئے ہیں۔
ہندو انتہا پسندوں تنظیم وشوا ہندو پریشد کی جانب سے مندر کی تعمیر کی نگرانی پر مامور شعبے کے نگران شرد شرما کا کہنا ہے کہ مندر کی تعمیر کے لئے 2 لاکھ ٹن پتھروں کی ضرورت ہے اور ابھی صرف 20 ٹن پتھر آئے ہیں لیکن اس میں تیزی آئے گی اور جیسے ہی حکومت کی طرف سے انہیں مندر کی تعمیر کا حکم ملے گا وہ تعمیری کام شروع کردیں گے۔
واضح رہے کہ بابری مسجد کی جگہ مندر کی تعمیر کا معاملہ بھارتی سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے اور متنازع جگہ پر کسی قسم کی تعمیر کی اجازت نہیں ہے۔