کراچی (جیوڈیسک) پیپلز پارٹی کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل اور سندھ کے وزیر اطلاعات وبلدیات شرجیل انعام میمن نے کراچی میں پیپلزپارٹی کے تاریخی جلسے کے انعقاد پر عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا جلسہ ان مخالفین کیلیے واضح پیغام ہے جوملک میں جمہوریت دشمن ہیں۔
آج کے جلسہ نے یہ ثابت کر دیا کہ عوام مریدوں، موسیقاروں اور دھرنے کی سیاست کرنے والوں کے ساتھ نہیں بلکہ جمہوریت بچاؤقوتوں کے ساتھ ہے۔باغ جناح میں جلسے کے اختتام پر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جو لوگ یہ کہتے تھے۔
کہ شہید بی بی کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی ختم ہوگئی،آج کا یہ جلسہ دیکھ لیں توانھیں اندازہ ہو جائے گا کہ آج بھی اس ملک میں بھٹوازم زندہ ہے اورجو لوگ بڑھاپے کی عمرمیں خود کو نوجوانوں کا لیڈر کہتے ہیں اس جلسے نے ثابت کر دیا کہ نوجوانوں کا اس ملک میں حقیقی لیڈر صرف بلاول بھٹو زرداری ہے۔
عمران خان نے آج کے جلسے کے عوام کیلیے جونازیباالفاط اور القاب استعمال کیے انکاآج انھیں بھرپورجواب عوام نے اپنے جوش و جذبے سے دے دیا ہے،اگر عمران خان واقعی خود کو سیاستدان سمجھتے ہیں تووہ اپنی اس غلطی پرعوام سے معافی مانگ لیں۔
انھوں نے کہا کہ معافی مانگنے سے کوئی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا،آج کا تاریخی جلسہ نیاپاکستان کادعویٰ کرنے والوں کیلیے یہ پیغام ہے کہ ان کی تحریک یادھرنوں سے تبدیلی نہیں آئے گی،انقلاب اور تبدیلی اس ملک میں صرف بلاول بھٹو زرداری ہی لائیں گے۔
آج کے اس عظیم الشان اورتاریخی جلسے سے بلاول بھٹوزرداری نے اپنے سیاسی سفر کاآغاز کر دیا ہے، یہ کارواں رواں دواں رہے گا، لوگ آتے جائیں گے اور مستقبل میں اب صرف پیپلزپارٹی ہی اس ملک میں راج کریگی۔ انھوں نے جلسے میں عوام کی بھرپور شرکت پر ان کاتہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ شرجیل میمن نے کہا کہ سیکیورٹی انتظامات عوام کی حفاظت کیلیے کیے گئے تھے۔