لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے تاریخی عمارتوں اور عوامی مقامات کی سیکورٹی کے انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے درخواست پر ہوم سیکرٹری اور آئی جی پولیس پنجاب سے سیکیورٹی انتظامات بارے اقدامات کی تفصیلات مانگ لیں۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس محمود مقبول باجوہ نے علی جاوید ڈوگر کی درخواست پر سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکاء ایڈووکیٹ نے یہ خدشہ ظاہر کیا کہ تاریخی عمارتوں اور عوامی مقامات پر دہشت گردی کا خطرہ ہے لیکن سیکورٹی کے فول پروف انتظامات نہیں کیے گئے۔
وکیل نے بتایا تاریخی عمارتوں اور عوامی مقامات پر سیکیورٹی کے انتظامات کی بہت زیادہ ضرورت ہے کیونکہ لوگوں کی ایک اچھی خاصی تعداد ان مقامات پر جاتی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل شیراز ذکا ایڈووکیٹ کی استدعا کی کہ شہریوں کے لیے تمام تاریخی اور عوامی مقامات پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے جائیں۔
لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر ہوم سیکرٹری اور آئی جی پولیس پنجاب کو 11 مئی کے لیے نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔