فیصل آباد (جیوڈیسک) سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثناءاﷲ نے مسلم لیگی کارکنوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے استحکام پاکستان ریلی میں بھرپور شرکت کرکے ثابت کردیا کہ وہ وزیراعظم محمد نوازشریف سے والہانہ عقیدت رکھتے ہیں اور فیصل آباد ماضی کی طرح آج بھی پاکستان مسلم لیگ (ن) کا گڑھ ہے۔ وہ اپنے رابطہ آفس میں حلقہ پی پی 70 کے سابقہ ناظمین، نائب ناظمین، کونسلرز، علما ونگ،لیبر ونگ،لیڈیز ونگ سمیت دیگر عہدیداروں سے خصوصی ملاقات کررہے تھے۔
انہوں نے تمام پارٹی ورکرز کی پاکستان مسلم لیگ ن سے گہری وابستگی اور جوش وجذبے کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی ریلی کی فیصل آباد کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، دھرنے والوں کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں کہ مسلم لیگی کارکن منظم اورمتحد ہیں اور اپنے قائدین پربھرپوراعتماد رکھتے ہیں جو ملکی ترقی اور جمہوری استحکام کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو پاش پاش کرنے کی صلاحیت وجرات رکھتے ہیں۔