تاریخ کو بدلنے کا فیصلہ کر لیا، نیا بلوچستان بن رہا ہے : نواز شریف

Nawaz Sharif

Nawaz Sharif

ہوشاب (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے تاریخ بدلنے کا فیصلہ کر لیا ہے، نیا بلوچستان بن رہا ہے، 2018 کا بلوچستان آج سے بہت مختلف ہو گا۔

سوراب ہوشاب روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا 2018 میں اس بات کا فیصلہ ہوجائے گا کون عوام کے جذبات سے کھیل رہا ہے۔ وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم نے پاکستان کو اخلاقی طور پر بھی ترقی دینی ہے، جن لوگوں نے قومی روایتوں کو برباد کیا وہ قومی مجرم ہیں۔

نواز شریف نے کہا جن لوگوں کا کام صرف دوسروں پر کیچڑ اچھالنا ہو وہ ملک کو ترقی نہیں دے سکتے ۔ اب فیصلہ عوام کو کرنا ہوگا کہ ملک کو ترقی کون دے رہا ہے اور کون ان کے جذبات سے کھیل رہا ہے۔

وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں ترقی کی راہیں کھل رہی ہیں، بجلی کی پیداوار میں اضافہ ہورہا ہے، کارخانے لگائے جا رہے ہیں اور ترقی کی امید روشن ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ ماضی میں بلوچستان کو ترقی سے محروم رکھا گیا لیکن اب یہاں ترقی کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔

سوراب ہوشاب روڈ سے ترقی کے بہت سے مواقع اور امکانات پیدا ہوں گے جس سے ملک میں خوشحالی آئے گی۔