ترکی (اصل میڈیا ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی اپنی جدوجہد میں حق بجانب ہے لہٰذا نہ تو اس جدوجہد سے قدم پیچھے ہٹائے گا اور نہ ہی کسی شہید کے لہو کو رائیگاں جانے دے گا۔
ٹویٹر پیج سے جاری کردہ بیان میں صدر ایردوان نے کہا ہے کہ ترکی اپنے حال اور مستقبل کے حوالے سے ایک تاریخی اور حیاتی جدوجہد کر رہا ہے۔
ایک ایسی جدوجہد کہ جس کے نتائج 100 سال پہلے کے نتائج جتنے ہی اہم ہوں گے۔ ہم اپنے ملک و ملت کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے اس جدوجہد میں فتح یابی کے لئے دن رات کی تمیز کئے بغیر کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ یہ جغرافیہ تاریخ بھر میں قبضوں اور مظالم کا سامنا کرتا رہا ہے۔ ہم ہر قدم اس شعور کے ساتھ اٹھا رہے ہیں کہ اگر اس وقت ہم نے ایک لمحے کے لئے بھی غفلت کی، ایک لمحے کے لئے بھی اپنے اتحاد و اخوّت کو کمزور کیا تو ہمیں زیادہ بھاری بدل چکانا پڑیں گے۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ اس عظیم جدوجہد کے دوران اپنے لہو سے اس زمین کو ہمارے لئے وطن بنانے والے تمام شہداء کے لئے میں ایک دفعہ پھر اللہ سے رحمت کا طلبگار ہوں۔ ظلم کے خلاف ہماری حق بجانب جدوجہد آخر تک جاری رہے گی۔ ہماری تاریخ شہداء سے بھری ہوئی ہے اور ہم اس میں تازہ اضافے کر رہے ہیں۔ ترکی نہ تو اپنی جدوجہد سے پیچھے ہٹے گا اور نہ ہی شہداء کے خون کو رائیگاں جانے دے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ کسی بھی غداری کو فراموش نہیں کیا جائے گا۔ جب تک ہماری ملت ہمارے ساتھ ہے ہم ہر مشکل پر قابو پاتے رہیں گے اور جن کو یہ وہم ہے کہ وہ ہمارے ملک کو بے بس کر سکتے ہیں ہم انہیں تاریخی سبق سکھائیں گے۔