ممبئی (جیوڈیسک) ہٹ اینڈ رن کیس میں سلمان خان کی 5 سال قید کی سزا ہائی کورٹ نے معطل کر دی۔ سلمان خان کو اب گرفتار نہیں کیا جا سکے گا، فیصلہ آتے ہی سلمان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔ ممبئی میں کئی گھنٹوں کی سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے سلمان خان کی 5 سال قید کی سزا معطل کر دی۔
عدالت میں سلمان خان کے وکلاء کا کہنا تھا کہ لوئر کورٹ نے اہم شواہد کو سامنے نہیں رکھا، عدالتی فیصلے کے بعد سلمان خان اب دوبارہ سیشن کورٹ سے ضمانت لیں گے اور کیس کی سماعت مکمل ہونے تک آزاد رہیں گے، تاہم عدالت کی اجازت کے بغیر وہ بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔
عدالت کا فیصلہ آتے ہی سلمان خان کی بہن ارپیتا کی آنکھوں میں آنسو آگئے اور عدالت کے باہر موجود سلمان کے مداحوں کی بڑی تعداد نے جشن منایا۔ دوسری جانب سلمان خان کی کار سے زخمی ہونے والے عبداللہ شیخ کا کہنا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ سلمان خان کو سزا ملے۔
ہٹ اینڈ رن کیس میں تو سلمان کو کچھ وقت کیلئے راحت مل گئی تاہم سلمان خان کے خلاف کالے ہرن کے شکار کے مقدمے کا فیصلہ بھی جلد متوقع ہے اور یہاں بھی انہیں 5 سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔