سعودی عرب (اصل میڈیا ڈیسک) سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبیر نے خبردار کیا ہے کہ جرمن ڈکٹیٹر ہٹلر کو خوش کرنے کی عالمی پالیسی اب ایران کے معاملے میں کامیاب نہیں ہوگی۔ بین الاقوامی برادری کو ایران کو خوش کرنے کے لیے ہٹلر کے ساتھ اختیار کی گئی پالیسی ترک کرنا ہوگی۔
منامہ ڈائیلاگ کانفرنس کے موقع پر الجبیر نے انقلاب برآمد کرنے، سفارتی مشن پر حملہ کرنے اور عالمی جہاز رانی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے کی ایرانی روش پر توجہ دلائی۔
انہوں نے کہا کہ ایران کو یہ سمجھنا چاہیئے کہ دنیا اس کے خلاف متحد ہے۔ دنیا کو ایران کے خلاف متحد ہوکر ایک واضح پیغام بھیجنا چاہیئے کہ اس کا طرز عمل ناقابل قبول ہے۔ ہم ایک مستحکم خطہ چاہتے تھے کہ ہر ایک متحد ہو کر واضح کرے کہ ایرانیوں کا طرز عمل قابل قبول نہیں ہوگا۔ ہم خطے میں ایرانی مداخلت کسی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جب ایرانی وزیر خارجہ نے برطانیہ اور جبرالٹر حکومت کو یہ یقین دہانی کرائی کہ ایرانی آئل ٹینکر شام میں اپنا سامان نہیں اتارے گا اور پھر جہاز نےاپنا تیل شام میں اتار دیا۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ایرانی وزیر خارجہ دھوکے باز اور مشکوک ہیں۔ وہ اپنی حکومت کے بد تر ارادوں کو جانتے ہیں۔ لہذا ہٹلر کو مطمئن کرنے کی پالیسی ایرانی حکومت کے ساتھ کام نہیں کرے گی۔