بھمبر اندرون شہر تجاوزات کی بھرمار مین بازار سمیت دیگر بازاروں میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا

بھمبر : بھمبر اندرون شہر تجاوزات کی بھرمار مین بازار سمیت دیگر بازاروں میں ٹریفک جام رہنا معمول بن گیا شہریوں کو مشکلات کا سامنا مین بازار سمیت دیگر اندرون شہر تجاوزات کے خاتمے اور ٹریفک کو ون وے کیا جائے شہریوں کا انتظامیہ سے مطالبہ تفصیلات کے مطابق اندرون شہر لاری اڈہ تا سبزی چوک مین بازار شرقی بازار میلاد چوک اور مسلم بازار میں ریڑھیوں اور دوکانداروں کی دیگر تجاوزات کے باعث ان بازاروں میں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی لمبی لائنیں لگی رہتی ہیں۔

اکثر ٹریفک جام رہتا ہے جبکہ بعض اوقات ٹریفک جام ہوجانے پر موٹر سائیکل سواروں اور گاڑی مالکان کے درمیان اکثر نوک جونک ہو جاتی ہے اور نوبت مار کٹائی تک جا پہنچتی ہے ٹریفک جام سے ان بازاروں میں سے پیدل گزرنے والے مردو خواتین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بھمبرکے شہریوں اور عوامی حلقوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ اندرون شہر مین بازار اور دیگر تنگ بازاروں میں ٹریفک کا بہاؤ ون وے کیا جائے اور بازاروں کے اندر جابجا لگی ریڑھیوں اور ناجائز تجاوزات کو ہٹاکر سبزی چوک سمیت میلاد چوک میں ٹریفک پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ لوگوں کو عید کی شاپنگ کے دوران پیش آنے والے مسلہ سے نجات مل سکے۔