نئی دہلی (جیوڈیسک) انتہا پسند ہندوئوں کی دھمکیوں کے بعد پاکستانی گلوکار غلام علی کی بھارتی دارالحکومت میں فلم کی میوزک لانچنگ تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔
بھارتی فلم ’گھر واپسی‘میں غلام علی نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری کے جوہر بھی دکھائے ہیں، فلم کے ڈائریکٹر صہیب الیاس کا کہنا ہے کہ ہندو سینا کے سربراہ وشنو گپتا کی جانب سے تقریب پلٹ دینے کی دھمکی ملی تھی، ہوٹل انتظامیہ نے بھی کہا تھا کہ پروگرام منسوخ کر دیا جائے کیونکہ ہندو سینا اور وشوا ہندو پریشد کے کارکن نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ فلم کے میوزک لانچنگ کی تقریب اس سے قبل جنوری میں ہونا تھی مگر اسے بھی شیو سینا کی دھمکیوں کے بعد منسوخ کردیا گیا تھا۔
تقریب کے مہمان خصوصی سابق سماج وادی پارٹی کے لیڈر عمار سنگھ نے کہا ہے کہ انھیں ہوٹل کے اندر نہیں جانے دیا گیا، آج ہماری ثقافت کا سیاہ دن ہے۔ فلم ’’گھر واپسی‘‘ جون میں ریلیز ہونی ہے، 75 سالہ غلام علی نے فلم کا میوزک دینے کے علاوہ بھارت سے محبت کا گیت گانا ہے اور اداکاری بھی کرنی ہے، اس فلم کے اداکاروں میں الوک ناتھ ، فریدہ جلال، ریما لاگو، دیپک تجوری اور زرینہ وہاب شامل ہیں، غلام علی کے علاوہ سنیدی چوہان، سونو نگم اور شان نے فلم کے اپنی آوازوں کا جادو جگایا ہے۔