ذخیرہ اندوزوں نے نظام یرغمال بنا رکھا ہے، لاہور ہائیکورٹ

Lahore High Court

Lahore High Court

لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے اشیائے ضروریہ کی بے لگام قیمتوں کے کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے کہ ذخیرہ اندوزوں نے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے، سخت کارروائی کے بغیر مہنگائی کم نہیں ہو گی۔

لاہور ہائیکورٹ نے انتظامیہ سے مہنگائی کم کرنے کی نئی تجاویز مانگ لیں۔ لاہور ہائیکورٹ میں رمضان المبارک کے دوران مہنگائی کنٹرول نہ کرنے کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی۔

ڈی سی او لاہور نے عدالت میں بیان دیا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

جسٹس خالد محمود خان نے ریمارکس دیئے کہ ذخیرہ اندوزوں نے نظام کو یرغمال بنا رکھا ہے، جب تک ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی نہیں کی جاتی، مہنگائی کم نہیں ہو گی،عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر مہنگائی کم کرنے کےلئے تجاویز پیش کی جائیں۔