نشان حیدر ہاکی ایونٹ؛ نیوی کا فاتحانہ آغاز، آرمی وائٹ کو شکست

Hockey

Hockey

لاہور (جیوڈیسک) نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ میں نیوی نے آرمی وائٹس کو 3-0 سے شکست دیکر فاتحانہ آغاز کرلیا۔ فاتح ٹیم کے بابر حسین میچ کے بہترین کھلاڑی رہے، انہوں نے 2 بار گیند کو جال کا راستہ دکھایا، منگل کو مزید 2 میچز کھیلے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ بہاولپور کے ڈرنگ اسٹیڈیم میں شروع ہو گیا ہے۔ 30 اپریل تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 10 ٹیمیں شریک ہیں جن کو 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پول اے میں نیشنل بینک، آرمی ریڈ، پورٹ قاسم، پاکستان اسٹیل اور ریلویز جبکہ پول بی میں پی آئی اے، واپڈا، نیوی، پولیس اور آرمی وائٹس کی ٹیمیں شامل ہیں۔ یاد رہے کہ سرگودھا میں گزشتہ ماہ شیڈول بریگیڈیئر منظور حسین عاطف میموریل کے بعد پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نئی انتظامیہ کی چھتری تلے ہونے والایہ دوسرا قومی ایونٹ ہے۔ نشان حیدر ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ نیوی اور آرمی وائٹس کے درمیان کھیلا گیا۔

جس میں نیوی نے حریف سائیڈ کو تمام شعبوں میں آئوٹ کلاس کرتے ہوئے میچ میں صفر کے مقابلے میں 3 گول سے کامیابی حاصل کی۔ اس سے قبل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سابق اولیمپئنز اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شریک ٹیموں کا مارچ پاسٹ بھی ہوا۔ مطیع اللہ آسٹرو ٹرف ہاکی اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ کے آغاز میں دونوں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کی لیکن فارورڈز گیند کو جال میں نہ پھینک سکے، ایک دوسرے پر برتری لے جانے کی اس کشمکش میں نیوی اس وقت کامیاب رہی جب محمد صابر نے 29 ویں منٹ میں آرمی کی دفاعی لائن کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے گیند کو بڑی خوبصورتی کے ساتھ جال میں پھینک دیا۔پہلا ہاف ختم ہونے سے پہلے نیوی نے برتری کو دوگنا کرنے جبکہ آرمی نے مقابلہ برابر کرنے کی بھر پور کوشش کی لیکن دونوں ٹیمیں اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

پہلے ہاف کی نسبت نیوی نے دوسرے ہاف میں انتہائی شاندار کھیل پیش کیا اور نہ صرف آرمی کے فارورڈز کے آگے سیسہ پلائی دیوار بنی رہی بلکہ مزید 2 گول کر کے میچ بھی اپنے نام کیا۔ دوسرے ہاف میں نیوی کے بابر حسین آرمی وائٹ کے لیے خطرناک حریف ثابت ہوئے جنھوں نے 63 ویں منٹ میں گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری دگنا کر دی۔ اس موقع پر آرمی کی فارورڈ لائن نے چند خطرناک مووز بنائیں اور میچ میں واپس آنے کی بھر پور کوشش کی لیکن نیوی کے گول کیپر نے ان کی ایک نہ چلنے دی۔ کھیل ختم ہونے کے صرف ایک منٹ قبل بابر حسین نے مزید ایک گول کر کے آرمی کی میچ میں واپس آنے کی رہی سہی امید بھی ختم کر دی۔منگل کو ایونٹ میں دو میچز کھیلے جائیں گے ، آرمی ریڈ کی ٹیم ریلویز کے خلاف میدان میں اترے گی جبکہ پی آئی اے اسکواڈ آرمی وائٹس کیخلاف ایکشن میں دکھائی دیگا۔