ہاکی چیمپئنز ٹرافی کا سیمی فائنل کل پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا

Hockey Champions Trophy

Hockey Champions Trophy

بھوبنیشور (جیوڈیسک) ہاکی چیمپئنز ٹرافی میں حیران کن طور پر سیمی فائنل میں جگہ بنانیوالی پاکستانی ٹیم کل روایتی حریف بھارت سے ٹکرائے گی، بھارت میں جاری چیمپیئنز ٹرافی ہاکی کے کوارٹر فائنل میں پاکستان نے ہالینڈ کو دلچسپ مقابلے میں شکست دی۔

گرین شرٹس نے ڈچ ٹیم کے خلاف دو کے مقابلے میں چار گول سے فتح سمیٹ کر سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر لیا ہے جہاں اس کا مقابلہ روایتی حریف اور میزبان ٹیم بھارت سے شیڈول ہے، کوارٹر فائنل میں بھارتی ٹیم نے بھی بیلجئیم حریف کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہی آؤٹ کلاس کیا تھا۔

روایتی حریف ٹیمیں اس سے پہلے چیمپئنز ٹرافی ٹورنامنٹ میں 17 بار آمنے سامنے ہو چکی ہیں۔ جس میں پاکستانی ٹیم کا پلڑا بھاری رہا ، گرین شرٹس کو 11 بار فتح کا اعزاز حاصل ہوا جبکہ چھ بار بھارت کو کامیابی نصیب ہو سکی۔

گولز کی تعداد میں بھی پاکستانی ٹیم آگے رہی ، قومی کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ کی تاریخ میں روایتی حریف کے خلاف 50 گولز داغے جبکہ بھارت کے گولز کی تعداد 41 رہی۔