لاہور (جیوڈیسک) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کا اجلاس کل لاہور میں ہوگا، چیف کوچ منیجر اختر رسول کو ان کے عہدے سے فارغ کئے جانے کا امکان ہے۔ایشیا کپ میں کوریا کے ہا تھوں شکست اور ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی نہ کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس بار اختر رسول کو قربانی کا بکرا بنانے کا فیصلہ کیا ہے ،ذرائع کے مطابق پی ایچ ایف کے کل ہونے والے اجلاس میں ایشیا کپ میں ٹیم کی کارکردگی پر بحث کی جائے گی۔
امکان ہے کہ چیف کوچ اختر رسول کو ان کے عہدے سے فارغ کردیا جائے گا، اختر رسول 2012 میں اذلان شاہ ہاکی کپ چیف کوچ مقرر کیا تھا، ان کی زیر نگرانی پاکستان ہاکی ٹیم نے لندن اولمپکس سمیت سات انٹرنیشنل ایونٹس میں شرکت کی، چیمپئنز ٹرافی میں کانسی اور ایشین چیمپئنز ٹرافی مین طلائی تمغوں کے سوا باقی پانچ ایونٹ میں پاکستان کی پوزیشن چھٹی اور ساتوِیں رہی۔