لاہور (جیوڈیسک) ایف آئی ایچ کی عالمی رینکنگ میں آسٹریلیا کی حکمرانی برقرار رہی، روایتی حریف بھارت بھی 2 درجے بہتری کے بعد پانچویں نمبر پر آ گیا، چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کے بعد گرین شرٹس کی درجہ بندی میں کوئی بہتری نہیں آ سکی اور وہ بدستور دسویں نمبر پر ہے۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جاری کردہ نئی رینکنگ میں بھارتی ٹیم کی چیمپئنز ٹرافی سمیت انٹرنیشنل ایونٹس میں عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر دنیا کی ٹاپ 5 ٹیموں میں آگئی، پاکستانی ٹیم ابتدائی 10 ٹیموں میں آخری نمبر پر ہے، ایف آئی ایچ کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین عالمی درجہ بندی میں چیمپئنز ٹرافی 2016 کی فاتح آسٹریلوی ٹیم 2179 پوائنٹس کے ساتھ بدستور پہلے نمبر پر موجود ہے۔
ہالینڈ 1838 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اورجرمنی 1701 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، انگلینڈ کی 1550 پوائنٹس کے ساتھ چوتھی اور بھارتی ٹیم 1543 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے، یاد رہے کہ بھارتی ٹیم چیمپئنز ٹرافی میں رنر اپ رہی تھی، 2 درجے بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر جگہ بنانے میں کامیاب رہی، بیلجیئم اور ارجنٹائن کی ٹیمیں ایک، ایک درجہ تنزلی کے بعد چھٹے اور ساتویں نمبر پر چلی گئیں اور ان ٹیموں کے بالترتیب 1475 اور 1436 پوائنٹس ہیں۔
نیوزی لینڈ 1308 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں، کوریا 1200 نویں اور پاکستان 1073 پوائنٹس کے ساتھ دسویں نمبر پر موجود ہے۔ دوسری جانب ویمنز ٹیم رینکنگ میں چیمپئنز ٹرافی کی رنر اپ ہالینڈ کی ٹیم پہلے نمبر پر موجود ہے، فاتح ارجنٹائن کی ٹیم دوسرے، آسٹریلیا تیسرے اور نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، امریکا2 درجے ترقی پا کر پانچویں نمبر پر پہنچ گیا۔