نیدرلینڈز (جیوڈیسک) ارجنٹائن نے ہاکی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ کر تاریخ رقم کردی، لاطینی امریکی سائیڈ گروپ بی نے میزبان نیدرلینڈز کے ہمراہ فائنل فور میں رسائی پانے والی دوسری ٹیم کا اعزاز پالیا، جرمنی آخری مقابلے میں جنوبی کوریا کیخلاف 6-1 کی فتح کے باوجود ایونٹ سے باہر ہو گیا۔
گروپ ’اے‘ سے آسٹریلیا اور انگلینڈ پہلے ہی فائنل فور میں پہنچ چکے ہیں، ویمنز ایونٹ کے ٹاپ فورمیں آسٹریلیا اور امریکا کا سامنا ہوگا، دوسرے مقابلے میں ارجنٹائن اور نیدرلینڈز کی ٹیمیں فائنل میں رسائی کی جنگ لڑیں گی۔ دونوں میچز 12 جون کو شیڈول ہیں تفصیلات کے مطابق ہالینڈ کے شہر دی ہیگ میں جاری مینز ہاکی ورلڈ کپ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی۔ گروپ بی میں منگل کو لیگ میچز کے آخری روز ارجنٹائن نے جنوبی افریقہ کو 5-1 سے شکست دیتے ہوئے اپنی 121 سالہ تاریخ میں پہلی بار سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل کیا۔
گنزالوپیلٹ کی جانب سے حریف ٹیموں کیلیے خطرہ ثابت ہونے کا سلسلہ جاری رہا اور انھوں نے 25 ویں اور 60 ویں منٹ میں دو گول داغ کر اپنی ٹیم کو تاریخ رقم کرنے میں مدد فراہم کی، ان کے علاوہ لوکاس ویلا نے بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 49 ویں اور 63 ویں منٹ میں گول داغے، فاتح ٹیم کی جانب سے پانچواں گول جیکوین منینی نے 21 ویں منٹ میں کیا۔ ناکام ٹیم کے واحد اسکورر کلنٹن پینتھر رہے۔
اسی گروپ کے دوسرے میچ میں جرمنی نے جنوبی کوریا کیخلاف 6-1 سے غلبہ پایا لیکن اس کے باوجود فاتح ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی، یورپی سائیڈ کو فائنل فور میں پہنچنے کیلیے واضح مارجن سے کامیابی کے علاوہ جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ارجنٹائن کی شکست بھی درکار تھی، جرمن سائیڈ نے میچ کے آغاز سے ہی حریف سائیڈ پر دباؤ بڑھا دیا، 19ویں منٹ میں کرسٹوفر ویسلے نے گول داغتے ہوئے کھاتہ کھولا، 3 منٹ بعد بینیڈک فرک برتری دگنی کردی۔ 33ویں منٹ میں مارٹن زیوکر نے جرمنی کی طرف سے تیسرا گول داغ دیا۔
دوسرے ہاف کے آغاز میں جوبی کورین ٹیم نے قدرے بہتر کھیل پیش کیا اسی دوران 54 ویں منٹ میں کیون وو نے خسارا 1-3 کیا لیکن آخری دس میں منٹ میں جرمن ٹیم نے مزید 3 گول کرتے ہوئے مقابلہ 6-1 کر دیا۔ فتح کے بعد جرمن ٹیم کے پوائنٹس کی تعداد 9 ہوگئی اور اس نے گروپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی، اس گروپ سے نیوزی لینڈ چوتھے ، جنوبی کوریا 5ویں اور جنوبی افریقہ چھٹے نمبر پر رہی۔ دوسری طرف ویمنز ایونٹ میں گروپ بی کے آخری لیگ مقابلوں میں امریکا نے جنوبی افریقہ کو 4-2 سے مات دی۔
انگلینڈ کی ٹیم جنوبی کوریا کو 3-1 سے قابو کرنے میں کامیاب رہی، جبکہ ارجنٹائن اور چین کا مقابلہ 1-1 سے برابر ہو گیا، گروپ بی میں سرفہرست رہنے والی امریکی ٹیم جمعرات کو گروپ اے سے دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹیم آسٹریلیا سے مقابلہ کریگی، گروپ بی کی سیکنڈ ٹیم ارجنٹائن اسی روز گروپ اے کی نمبر ون سائیڈ نیدر لینڈز سے ٹکرائے گی، ایونٹ میں بدھ کو آرام کا دن ہے۔