ہاکی ورلڈ کپ پاکستان کے بغیر بے رنگ دکھائی دیا، ڈچ کوچ

Hockey

Hockey

لاہور (جیوڈیسک) نوجوان پاکستان کھلاڑیوں کی تربیت کے لئے ہالینڈ سے آئے ہوئے کوچ کا کہنا ہے کہ 13 واں ورلڈکپ پاکستان کے بغیر بے رنگ دکھائی دیا۔
ڈچ کوچ ٹون ہیرن لوسن کا اولمپئن خواجہ جنید کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کھیل میں پیچھے ہو جانے کے باوجود پاکستان میں ہاکی کا مستقبل تابناک ہے، خلوص نیت سے محنت کی جائے تو کھویا ہوا وقار دوبارہ حاصل کیا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں گذشتہ دنوں منعقدہ ورلڈ کپ میں شائقین نے پاکستانی ٹیم کی کمی کو محسوس کیا، پاک بھارت مقابلوں کوشائقین ہالینڈ میں بھی بھرپور دلچسپی سے دیکھتے ہیں۔ وہاں گرین شرٹس کے ہر میچ میں اسٹیڈیم شائقین سے بھرے ہوتے تھے لیکن اس مرتبہ ورلڈ کپ میں وہ رنگ نہیں تھے جو پاکستان کی موجودگی میں ہوتے تھے، اس کا مجھے بہت دکھ ہوا، ایک سوال پر لوسن نے کہا کہ میں یونیک ہاکی اکیڈمی کے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹیکنیکل، فٹنس اور لاجیکل طریقے بتاؤں گا جس پر عمل کر کے پاکستان کیلیے دوبارہ سے جدید ہاکی کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔

اس موقع پر خواجہ جنید نے کہا کہ پاکستان میں کھیل کودوبارہ بلند مقام دلانے کیلیے ملک کو منفرد کھلاڑیوں اور منتظمین کی ضرورت ہے، میری خواہش ہے کہ اکیڈمی میں کھیلنے والے پلیئرز مستقبل کے شہباز سینئر، کلیم اللہ، حسن سردار اور سمیع اللہ بنیں۔