ہاکی ورلڈکپ، جنوبی کورین ناکامیوں کی داستان طویل ہو گئی

South Korea

South Korea

دی ہیگ (جیوڈیسک) ہاکی ورلڈ کپ میں جنوبی کوریا کی ناکامیوں کی داستان طویل ہو گئی، ارجنٹائن نے 5-0 سے ٹھکانے لگا دیا۔

گوانزالو پیلٹس نے شاندار ہیٹ ٹرک بنائی، جرمنی نے نیوزی لینڈ کو 5-3 سے زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں روشن رکھیں، اینڈی ہاورڈ کے 3 گول رائیگاں گئے۔

ویمنز ایونٹ گروپ بی سے امریکا اور ارجنٹائن نے فتوحات کے بعد سیمی فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ہالینڈ میں جاری 13ویں ہاکی ورلڈ کپ کے 9 ویںروز ارجنٹائن نے جنوبی کوریا کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے آئوٹ کلاس کرتے ہوئے سیمی فائنل سے فاصلہ مزید کم کر لیا، ایشین ٹیم 4 میچ کھیلنے کے باوجود ابھی تک فتح سے محروم ہے تاہم اس کو ملنے والا واحد پوائنٹ جنوبی افریقہ کیخلاف مقابلہ برابر کرنے کی صورت میں نصیب ہوا۔

ہیگ میں کھیلے گئے میچ کے آغاز سے ہی ارجنٹائنی ٹیم نے جارحانہ انداز اپنایاگنزالو پیلٹس نے چوتھے اور 7 ویں منٹ میں خوبصورت فیلڈ گول کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کا ایسا نیچے لگا یاکہ ٹیم دوبارہ سنبھل نہ سکی۔12 ویں منٹ میں لوکاس ویلا نے ارجنٹائن کی طرف سے تیسرا گول داغا۔ گنزالو پیلٹس نے 20 ویں منٹ میں ملنے والے ایک اور موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی ہیٹ ٹرک مکمل کی۔ بعدازاںگلیمور نے54 ویں منٹ میں 5 واں گول داغا جو حتمی ثابت ہوا۔اسی گروپ کے دوسرے میچ میں جرمنی نے سخت مقابلے کے بعد نیوزی لینڈ کو 5-3 سے زیر کرتے ہوئے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدوں کو روشن رکھا۔

یورپی ٹیم فلورین فیچز کے دوسرے ہی منٹ میں گول کی بدولت برتری حاصل ہوگی، 31 ویں منٹ میں مارٹن زویکر نے مقابلہ 2-0 کردیا، 3 منٹ بعد نیوزی لینڈ کے اینڈی ہاورڈ نے خسارہ 1-2کیا لیکن اگلے ہی منٹ میں کرسٹوفر زیلر نے جرمنی کو 3-1 کی برتری سے ہمکنار کردیا، 4 منٹ بعد مارٹن زویکر نے انفرادی طور پر دوسرا اور ٹیم کا چوتھا گول بنایا، بینڈیکیٹ فرک نے کھیل کے 50 ویں منٹ میں جرمنی کی سبقت کو 5-1 تک پہنچا دیا۔ بعدازاں نیوزی لینڈ کے فاروروڈ نے شکست کے مارجن کو کم کرنے کیلیے سرتوڑ کوششیں کیں اسی دوران 67 اور 70 ویں منٹ میں اینڈی ہاورڈ نے دومسلسل گول کرتے ہوئے اسکور 3-5 کردیا۔

فتح کے بعد جرمنی کی ٹیم کے پوائنٹ کی تعداد 6 ہوگئی ہے اور اس کا گروپ میں تیسرا مقام ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم اتنے ہی پوائنٹس کے باوجود چوتھے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف ویمنز مقابلوں کے گروپ بی کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا، ناقابل شکست امریکہ نے جرمنی کو 4-1 اور ارجنٹائن نے انگلینڈ کو 2-1 سے مات دیتے ہوئے 12 جون کو شیڈول فائنل فور کیلیے ٹکٹس بک کروائیں، پوائنٹس ٹیبل پر دونوں کے پوائنٹس کی تعداد 10،10 ہے چین کی ٹیم 6 پوائنٹس کے ہمراہ تیسرے نمبر پر ہے، اس گروپ میں منگل کو آخری لیگ میچز کھیلے جائینگے۔

اتوار کو کھیلے گئے پہلے میچ میں امریکہ نے جرمنی کی ٹیم کو تمام شعبوں میں مات دی، فاتح ٹیم کی جانب سے کیتھلین شارکے نے 2 ،کیرولین نکولس اورکیٹی نے ایک ایک بار بال کو جال میں پہنچایا، ناکام ٹیم کا واحد گول کرسٹیانا ہلمین نے کیا۔

دوسرے میچ میں ارجنٹائن نے انگلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد زیر کیا، ناکام ٹیم نے ساتویں منٹ میں الیکس ڈانسن کے گول کی بدولت برتری حاصل کی ، فاتح سائیڈ کی ڈیلفینا مارینو نے 27ویں منٹ میں مقابلہ برابر کر دیا۔

کھیل ختم ہونے سے چند سیکنڈ قبل کارلا روبیچی نے گول داغتے ہوئے ارجنٹائن کو کامیابی دلادی۔ تیسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو4-3 سے زیر کرنے کے باوجود چین کی ٹیم سیمی فائنل میں رسائی سے محروم رہی۔