اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت کی جانب سے برآمد کنندگان کو ریفنڈز کی ادائیگی کے لیے جاری کردہ 80 ارب روپے کے بونڈز سے حاصل ہونے والے منافع پر ود ہولڈنگ ٹیکس سے چھوٹ دیے جانے کا امکان ہے اور وزارت خزانہ نے ڈیوٹی ڈرا بیک بونڈ رْولز 2019 جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
’’ایکسپریس‘‘ کو دستیاب دستاویز کے مطابق وزارت خزانہ نے ڈرا بیک آف لوکل ٹیکسز و لیویز (ڈی ایل ٹی ایل) کے واجبات کی سیٹلمنٹ کے بعد ان کی ادائیگی کیلیے بونڈز جاری کرنے کا پراسیس شروع کردیا ہے اور دوسرے ضمنی فنانس بل کی منظوری کے بعد صدر کے دستخطوں سے ایکٹ کی صورت نفاذ کے بعد یہ بونڈ جاری کیے جائیں گے۔
ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے اس بارے میں اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی ہے جو پورے کرکے وزارت خزانہ کوسمری بھجوائی جاچکی ہے اور اس بارے حتمی فیصلہ حکومت نے کرنا ہے اگر فنانس بل میں ترمیم کے ذریعے ود ہولڈنگ ٹیکس سے چھوٹ دی جاتی ہے تو اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔