ہالینڈ کی قومی ریلوے کمپنی ’’این ایس‘‘ نے اعلان کیا ہے کہ اب وہاں تمام برقی ٹرینیں ونڈ ٹربائنوں سے پیدا کی جانے والی بجلی سے چلائی جا رہی ہیں۔
روایتی ایندھن کا استعمال اور ماحولیاتی آلودگی کم سے کم کرنے کے لیے ہالینڈ کی حکومت نے 2015 میں ایک منصوبہ شروع کیا تھا جس کا مقصد ہوائی طاقت سے اتنی بجلی پیدا کرنا تھا کہ جس سے وہاں کی تمام برقی ٹرینیں چلائی جاسکیں۔ منصوبے کی تکمیل کےلیے 2018 تک کا ہدف مقرر کیا گیا تھا جسے ایک سال پہلے ہی پورا کرلیا گیا ہے۔
ہالینڈ میں روزانہ 60 ہزار سے زائد افراد برقی ٹرینوں میں سفر کرتے ہیں جب کہ یہ منصوبہ شروع ہونے سے پہلے ہی وہاں 50 فیصد برقی ٹرینوں میں ونڈ ٹربائنوں کی بنائی ہوئی بجلی استعمال کی جارہی تھی۔
اس عرصے میں ہالینڈ کی حکومت نے ونڈ فارمنگ کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔ یعنی ایسے منصوبوں پر خطیر سرمایہ لگایا جن میں وسیع رقبے پر بڑی تعداد میں ونڈ ٹربائنیں لگا کر زیادہ مقدار میں بجلی بنائی جاتی ہے۔ اس حکمتِ عملی کے مثبت نتائج برآمد ہوئے اور ہالینڈ نے اپنا ہدف مقررہ مدت سے ایک سال پہلے ہی حاصل کر لیا۔
ہالینڈ کے سرکاری ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے تک چلنے والی ایک ونڈ ٹربائن سے اتنی بجلی پیدا ہوجاتی ہے جس سے ایک برقی ٹرین 200 کلومیٹر کا فاصلہ بہ آسانی طے کر لیتی ہے۔ اس وقت ایسی 2 ہزار سے زیادہ ونڈ ٹربائنز ہالینڈ میں نصب ہیں جن میں ہر سال 300 کے لگ بھگ ونڈ ٹربائنوں کا اضافہ ہو جاتا ہے۔